وزیرصحت پنجاب کا سروسز ہسپتال کا دورہ، ڈاکٹرز ہوسٹل میں لائبریری کا افتتاح

آئوٹ ڈور کی نئی بلڈنگ اور پیڈیاٹرک نرسری میںعلاج معالجہ کے جدید انتظامات دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں‘ڈاکٹرجوادساجدخان

جمعرات 12 جولائی 2018 19:54

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) صوبائی وزیرصحت ڈاکٹر جواد ساجد خان نے کہا ہے کہ ینگ ڈاکٹرز اپنے بارے میںعوام میں پائے جانے والے Perception کو تبدیل کریں،ینگ ڈاکٹرز کی اکثریت بہت محنت اور فرض شناسی کے ساتھ اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے مریضوں کو علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کر رہی ہے تاہم مریضوں کے علاج معالجہ پر مزید توجہ دینے اور حسن اخلاق سے پیش آنے کی ضرورت ہے تاکہ غلط تاثر کو ختم کیا جا سکے،ڈاکٹرز اپنے مسائل کے حل کے لئے میڈیکل کالج کے پرنسپلز اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے رابطہ کریں تاکہ ان کی آواز حکومت تک درست طریقہ سے پہنچ سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز میں ڈاکٹرز ہوسٹل میں لائبریری کا افتتاح کرنے کے بعد میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے قبل ازیں سروسز ہسپتال کے نئے آئوٹ ڈور بلاک کا بھی دورہ کیا اور غازی علم الدین شہید بلاک میں قائم پیڈیاٹرک وارڈ، بچوں کی نرسری اور دیگر شعبوں کا بھی معائنہ کیا۔ اس حوالے سے وزیرصحت کا کہنا تھا کہ سروسز ہسپتال کا او پی ڈی اور انڈور بلاک سٹیٹ آف دی آرٹ سہولیات سے آراستہ ہے اور چھوٹے بچوں کے لئے بھی پیڈزوینٹیلیٹرز دستیاب ہیں جو ایک بہت بڑی سہولت ہے۔

وزیرصحت نے ینگ ڈاکٹرز سے کہا کہ وہ اپنے حقوق اور سہولیات کے حصول کے لئے آواز ضرور بلند کریں لیکن اپنے حقوق کی جدوجہد میں مریضوں کے حقوق کا بھی مکمل خیال رکھا جائے۔ ڈاکٹر جواد ساجد خان کا کہنا تھا کہ ینگ ڈاکٹرز خود ہی ’’ینگ ڈاکٹر‘‘ کو Defineکریں تاکہ ینگ اور سینئر ڈاکٹر میں فرق واضح ہو سکے۔وزیرصحت کا سروسز انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز پہنچنے پر پروفیسر محمود ایاز، پروفیسر کامران چیمہ، ایم ایس ڈاکٹر محمد امیر اور دیگر انتظامی ڈاکٹرز نے استقبال کیا اور پروفیسر محمود ایاز نے SIMS کے علاہ نئے او پی ڈی بلاک کے بارے وزیرصحت کو بریفنگ دی اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات بارے آگاہ کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں