لوٹے گئے اربوں روپے بیرون ملک سے واپس لانے کے چیف جسٹس کے ریمارکس خوش آئند ہیں‘میاں مقصود احمد

ماضی کے حکمرانوں کی ناکام معاشی پالیسیوں کی بدولت قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں،سابقہ حکومتوں نے مایوس کیا،متحدہ مجلس عمل اقتدار میں آکر عوام کے مسائل حل کرے گی‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب وامیر جماعت اسلامی پنجاب کی منصورہ میں عوامی وفود سے گفتگو

جمعرات 12 جولائی 2018 19:54

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہاہے کہ چیف جسٹس میاں ثاقب نثارکی جانب سے لوٹے گئے اربوں روپے سوئٹزرلینڈ،دبئی سے واپس لانے کے ریمارکس حوصلہ افزا ہیں ،متحدہ عرب امارات میں 4221لوگوں کے اثاثے اور اکائونٹس بے نقاب ہوچکے ہیں،ملک سے پیسہ لوٹ کر یورپ،امریکہ،کینیڈا بھی منتقل کیاگیا ،سوئٹزرلینڈ کے بینکوں میں پاکستانیوں کی200ارب ڈالر سے زائد پڑے ہیں ،پوری دنیا سے بے نامی رقوم کوواپس لانا ہوگا ،مسلم لیگ(ن)اور پیپلزپارٹی کی معاشی پالیسیوں نے عوام کو شدیدمایوس کیا ہے، ماضی کے حکمرانوں کی لوٹ مارنے ملکی معیشت کابیڑہ غرق کرکے رکھ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمنصورہ میں مختلف عوامی وفود سے گفتگوکرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ جب تک ملک سے کرپشن کامکمل قلع قمع اور کرپٹ افراد کاخاتمہ نہیں ہوجاتاملک وقوم ترقی کے راستے پر گامزن نہیں ہوسکتے۔پاکستان خداتعالیٰ کے فضل وکرم سے وسائل کی دولت سے مالامال ہے۔ضرورت اس امر کی ہے کہ ان سے بھرپور اندازمیں فائدہ اٹھایاجائے۔

عاقبت نااندیش پالیسیوں کی بدولت قوم پر قرضوں کے پہاڑ کھڑے ہیں۔اس وقت ہر پاکستانی ایک لاکھ چوبیس ہزار روپے کامقروض ہے۔عوام کو دووقت کی باعزت روٹی کمانابھی دشوار ہوگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ دن بدن روپے کی بے قدری اورڈالر کی قیمت میں اضافے نے پاکستانی معیشت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے۔صنعتیں تباہ وبرباد اورمزدوربے روزگارہورہے ہیں۔

رہی سہی کسر نگران حکومت کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات،گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے نے پوری کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ ملک میں مسائل کے حل کے لیے دیانتدارقیادت کی اشدضرورت ہے۔المیہ یہ ہے کہ ہمیں70برسوں سے محب وطن قیادت کے فقدان کاسامنا ہے۔انشاء اللہ2018کے انتخابات میں دینی جماعتوں کا اتحاد ایم ایم اے کامیاب ہوکر عوام کامعیار زندگی بلند کرے گا۔ہم لوگوں کے مسائل ان کی دہلیزپر حل کریں گے۔کرپشن کاخاتمہ اور بیرون ملک منتقل کی گئی تمام غیر قانونی دولت کوواپس لائیں گے۔ہمارے پاس ملک کے عوام کی خدمت کامنشور ہے۔سودی نظام کاخاتمہ کرکے ملکی معیشت کواسلام کے سنہری اصولوں کے مطابق استوار کیاجانا چاہئے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں