کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن کا انتخابات میں پی ٹی آئی اوراین اے 127سے امیدوار جمشید چیمہ کی حمایت کا اعلان

لیگی قیادت ،حواریوں کی سیاست اور اقتدار کا مقصد صرف اپنی جیبیں بھرنا ہے ، انکا یوم حساب قریب ہے ‘ مرکزی رہنما جمشید چیمہ کروڑوں کی تعداد کو خط غربت سے اوپر لانا اور خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرنا منشور کا حصہ ہے ‘ کنونشن سے خطاب

جمعرات 12 جولائی 2018 21:35

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) کیمسٹ ریٹیلرز ایسوسی ایشن نے آئندہ عام انتخابات پاکستان تحریک انصاف اور حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ۔ اس سلسلہ میں مقامی ہال میں کنونشن کا انعقاد کیا گیا جس میں جمشید اقبال چیمہ ، مسرت چیمہ ،ایسوسی ایشن کے عہدیداروں اور میڈیکل سٹورز کے کاروبار سے وابستہ سینکڑوں افراد نے شرکت کی جبکہ شرکاء پرویز ملک نا منظور ،خواجہ عمران نذیر نا منظور کے نعرے لگاتے رہے ۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ (ن) لیگ کی ناقص پالیسیوں کی وجہ سے ہر مکتبہ فکر پریشان ہے لیکن اس کے باوجود بڑی ڈھٹائی کے ساتھ بہترین کارکردگی کے دعوے کئے جارہے ہیں ۔

(جاری ہے)

ذاتی فوائد حاصل کرنے کے لئے تو پارلیمنٹ سے راتوں رات قانون سازی کر الی جاتی ہے لیکن عوام کے ووٹوں سے وجود میں آنے والی پارلیمنٹ سے پسے ہوئے طبقات کی بھلائی کا کوئی کام نہیں لیا جاتا ۔

لیگی قیادت اور حواریوں کی سیاست اور اقتدار کا مقصد صرف اپنی جیبیں بھرنا ہے لیکن پی ٹی آئی حکومت میں آکر اس روایت کو بدلے گی ۔کروڑوں کی تعداد کو خط غربت سے اوپر لانا اور خوشحالی کے یکساں مواقع فراہم کرنا منشور کا حصہ ہے ۔ انہوںنے ایسوسی ایشن کے عہدیداروں کو یقین دہانی کرائی کہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے قوانین میں تبدیلی کریں گے ،پالیسیوں کی تشکیل میں اسٹیک ہولڈرز خصوصاً ایسوسی ایشنز کو مشاورت میں شامل کرینگے اور مسائل کے حل کیلئے فوکل پرسنز کی تعیناتی کی جائے گی ۔ اس موقع پر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے کہا کہ (ن) کے لوگوںنے میڈیسن کی ایک کھرب کی کیش مارکیٹ پر قبضہ کرنے کیلئے اپنی مرضی کی قانون سازی کی جسے ہم مسترد کرتے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں