ایشین گیمز میں اصل مقابلہ بھارت سے ہوگا،امید ہے ورلڈ کپ کیلئے کوالیفائی کر لیںگے، بریگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر

چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی، ٹورنامنٹ میں ہمارے لئے کئی چیزیں حوصلہ افزا تھیں،صدر پی ایچ ایف

جمعرات 12 جولائی 2018 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 12 جولائی2018ء) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر بریگیڈیئر(ر)خالد سجاد کھوکھر نے کہا ہے کہ ایشین گیمز میں اصل مقابلہ بھارت سے ہوگا، پوری امید ہے کہ اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ کیلئے براہ راست کوالیفائی کرنے میں کامیاب ہوجائیں گے، لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں مجموعی طور پر قومی ٹیم کی کارکردگی اچھی رہی،اولمپک چیمپئن ارجنٹینا کو 4-1سے شکست دی، دنیا کی سرفہرست ٹیموں کیخلاف کھیلتے ہوئے گرین شرٹس کی کارکردگی میں بہتری کے آثار دیکھے گئے، بھارت کیخلاف میچ میں پوری قوم کی توقعات بہت زیادہ ہوتی ہیں، مجھ سمیت ہر کوئی پاکستان کو فتح یاب دیکھنا چاہتا ہے،کوچ نے جب دیکھا کہ ہم میچ میں واپس نہیں آسکتے تو انہوںنے گول کیپر کو واپس بلانے کا چانس لیا اور گول ہوگئے،بہرحال ٹورنامنٹ میں ہمارے لئے کئی چیزیں حوصلہ افزا تھیں،خامیاں نوٹ کرلی ہیں، بہتری کیلئے کام کرتے ہوئے ایشین گیمز میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرینگے،،بھارتی ویزوں کے مسائل پر بات کرتے ہوئے خالد کھوکھر نے کہا کہ دبئی میں انٹرنیشنل اور بھارتی ہاکی فیڈریشنز کے حکام سے گفتگو ہوئی تھی، انہوں نے یقین دلایا ہے کہ ہمیں صرف کاغذات بروقت دینا ہیں،ویزوں کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا،ایک سوال پر صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بہترین سہولیات فراہم کی ہیں،یومیہ الائونس کی ادائیگی میں تھوڑی بہت تاخیر ہوجاتی ہے، فنڈز مل جائیں تو یہ مسئلہ حل ہوجائے گا،دائیں بائیں سے بھی کوشش کررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں