لاہور،پاکستان ریلوے پولیس کی بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافران کے خلا ف 15 روزہ مہم کا آغاز

جمعرات 12 جولائی 2018 22:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) ٹرینوں میں بلا ٹکٹ سفر کے بڑھتے ہوئے رجحان کو ختم کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل پاکستان ریلوے پولیس ڈاکٹر مجیب الرحمن خان کی ہدایات پر بغیر ٹکٹ سفر کرنے والے مسافران کے خلاف آج سے 15 روزہ مہم کا آغاز کیا گیا ہے۔آئی جی ریلوے پولیس کی ہدایت کے مطابق اس مہم میں پاکستان ریلوے پولیس عملہ ریلوے کے ساتھ مل کر کاروائی کریںگے۔

(جاری ہے)

محکمہ ریلوے اور پاکستان ریلوے پولیس کی اس مشترکہ مہم کا مقصد بلا ٹکٹ سفرکی وجہ سے محکمہ ریلوے کو ہونے والے نقصان سے بچانا ہے۔اس سلسلہ میں آئی جی ریلوے پولیس نے پاکستان ریلوے پولیس کی تمام ڈویژنوں کے ایس پیز کو احکامات جاری کئے ہیں کہ بلا ٹکٹ سفر کرنے والوں کے خلاف بھرپور کاروائی کرنے کے لئے سپیشیل ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو مختلف سیکشنوں پر چھاپے مار کر بلا ٹکٹ مسافران کو چارج کروائیں ۔نیز آئی جی ریلوے پولیس نے کہا ہے کہ تمام ڈویژنوں کے ایس پیز عملہ ریلوے کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور روزانہ کی بنیاد پر مفصل رپورٹ سنٹرل پولیس آفس ریلوے لاہور کو ارسال کریں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں