گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی بلور ہائوس پشاور آمد

بیرسٹر ہارون بلو ر کے بیٹے دانیال بلور سے ملاقات کی اور اُن سے اُن کے والد کی شہا دت پراظہار تعزیت کی

جمعرات 12 جولائی 2018 22:34

گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ کی بلور ہائوس پشاور آمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ گزشتہ روز بلور ہائوس پشاور گئے جہاں انہوں نے گذشتہ شب خود کش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار بیرسٹر ہارون بلو ر کے بیٹے دانیال بلور سے ملاقات کی اور اُن سے اُن کے والد کی شہا دت پراظہار تعزیت کی۔ اس موقع پر غلام احمد بلور اورسینیٹر الیاس احمد بلور کے علاوہ دیگر عزیز و اقارب بھی موجود تھے۔

گورنر پنجاب نے دہشت گردی کے اس بزدلانہ واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مُٹھی بھر شر پسند عناصر ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم دہشت گردوں کے اصل عزائم سے واقف ہوچکی ہے ۔ گورنر نے کہا کہ اس واقعے میں ملوث افراد اپنے منطقی انجام کو ضرور پہنچے گے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر گورنر پنجاب نے شہدا کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی اور ان کے بلند درجات کے لئے دُعا کی۔

گورنر پنجاب نے اس واقعے میں شہید ہونے والے دیگر افراد کے غمزدہ خاندانوں سے بھی اظہار ہمدردی کرتے ہوئے دُعا کی کے اللہ تعالیٰ مرحومین کو جوارِ رحمت میں جگہ عطا فرمائے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کا حوصلہ دے۔اُنہوں نے اس واقعے میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی دُعا کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں