سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابل مذمت ہے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

ن لیگی کارکنوں کو اپنے قائد کے استقبال کا حق حاصل ہے ۔ نگران حکومت جانبدارانہ رویہ ترک کرے،مرکزی سیکرٹری جنرل جمعیت علمائے پاکستان

جمعرات 12 جولائی 2018 22:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 جولائی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور ایم ایم اے کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ سیاسی کارکنوں کی پکڑ دھکڑ قابل مذمت ہے۔ ن لیگی کارکنوں کو اپنے قائد کے استقبال کا حق حاصل ہے۔ نگران حکومت جانبدارانہ رویہ ترک کرے۔ حکومت اشتعال انگیز کاروائیوں سے ملک کے حالات خراب کر رہی ہے۔

سیاسی کارکنان کی گرفتاریاں قبل از وقت دھاندلی ہے۔ الیکشن ابھی سے متنازعہ ہو چکا ہے۔ لاڈلے کے لئے میدان صاف کیا جا رہا ہے۔ میڈیا کو جاری کئے گئے اپنے بیان میں صاحبزادہ شاہ اویس نورانی نے مزید کہا ہے کہ چیف جسٹس سیاسی ورکروں کی بلاجواز گرفتاریوں کا نوٹس لیں۔ پولیس کا گھروں میں گھس جانا چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال کرنے کے مترادف ہے۔

(جاری ہے)

بند راستے کھولے جائیں۔ سیاسی آذادیوں پر پابندی ناقابل برداشت ہے۔ نگران حکومت کا غیر جمہوری رویہ کھل کر سامنے آ گیا ہے۔ ایم ایم اے تمام گرفتار سیاسی راہنماؤں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتی ہے۔ سیاسی جماعتیں حکومتی فسطائیت کے خلاف مشترکہ آواز اٹھائیں۔ جھوٹے مقدمات عائد کر کے ایک مخصوص جماعت کے کارکنان کو خوفزدہ کیا جارہا ہے تاکہ وہ انتخابی مہم نہ چلا سکیں۔ 25 جولائی سے پہلے کسی سیاسی راہنما کی گرفتاری نہیں ہونی چایئے۔ الیکشن کمیشن آذادانہ اور منصفانہ انتخابات یقینی بنائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں