کراچی سے پشاور تک ایم ایل ون کی سی پیک کے تحت اپ گریڈیشن کی فزیبیلیٹی سٹڈی مکمل ہو چکی ہے ‘محمد جاوید انور

ڈیزائن کا حتمی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جاسکے ‘چیئرمین پاکستان ریلوے

جمعرات 12 جولائی 2018 23:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) چیئرمین پاکستان ریلویز محمد جاوید انور نے کہا ہے کہ کراچی سے پشاور تک (ایم ایل ون مین لائن ون)کی سی پیک کے تحت اپ گریڈیشن کی فزیبیلیٹی سٹڈی مکمل ہو چکی اور اب اس کے ڈیزائن کا حتمی جائزہ لیا جا رہا ہے تاکہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے منصوبے کو ترجیحی بنیادوں پر شروع کیا جاسکے جو پاکستان کی سب سے اہم ریلوے لائن کو پسنجر اور فریٹ آپریشنز کے لئے زیادہ محفوظ اور تیز رفتار بنا دے گا۔

چیئرمین ریلوے نے ان خیالات کا اظہار ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے لئے قائم چائنیز کنسورشیم کے ایک اعلی سطح کے وفد سے ملاقات کے دوران کیا، وزارت ریلوے میں ملاقات میں سی آر ای سی کے پاکستان مشن کے سربراہ مسٹرسن نے پاکستان ریلوے کے ماہرین کو چین کے دورے کے دعوت بھی دی تاکہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن کے فرہم ورک پر ماہرین کے تعاون سے حتمی رپورٹ تیار کی جا سکے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں کہا گیا کہ سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن پاکستان ریلوے کی بحالی کے بعد جدت کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گی اور یہ کہ چین اور پاکستان کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی بنیاد پر پاکستان ریلوے میں ایک انقلاب برپا کیا جا سکتا ہے۔ چئیرمین پاکستان ریلوے محمد جاوید انور نے کہا ہے کہ ہم ملک اور قوم کے مفاد میں کم سے کم اخراجات اور ایک بہترین بزنس ماڈل کے ساتھ ریلوے کی اپ گریڈیشن کو حتمی شکل دینا چاہتے ہیں کہ ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن نہ صرف پاکستان ریلوے کے بطور ادارہ مفاد میں ہے بلکہ اس کی سٹریٹیجک اہمیت بھی ہے جسے کبھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔

ملاقات میں مسٹرشن کے علاوہ ڈی جی پلاننگ پاکستان ریلویز مظہر علی شاہ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات میں کہا گیا کہ پاکستان ریلوے میں پسنجر ٹرینوں کی رفتار ایک سو ساٹھ کلومیٹر تک لے جانے سے سفری سہولتوں میں اضافہ ہو گا اور مال گاڑیوں کی رفتار میں اضافے سے پاکستان ریلوے ملکی معیشت کی بہتری میں ایک جاندار کردارادا کرے گی اور یہ کہ پاکستان ریلوے نے ترقی کے سفر میں جس کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اس کے بعد پاکستان ریلوے میں بہتری کے لئے سی پیک کے تحت ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن جیسی بڑی منصوبہ بندی کی اشد ضرورت ہے۔

سی آر ای سی کے پاکستان مشن کے سربراہ مسٹر سن اس سلسلے میں ہر پاکستان ریلوے کو ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا اور کہا کہ پاک چین دوستی کی تاریخ میں یہ منصوبہ ہمیشہ سراہا جائے گا جو پاکستان کے عوام کو بہترین سہولتیں فراہم کرے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں