لیڈی ہیلتھ ورکرز کے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے تین ارب روپے کے فنڈز جاری کردیئے‘علی بہادر قاضی

ایل ایچ ویز کا ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم میں اہم رول ہے، ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرینگے ‘سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ

جمعہ 13 جولائی 2018 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ علی بہادر قاضی نے کہا ہے کہ لیڈی ہیلتھ ورکرز اور لیڈی ہیلتھ سپروائزرز ہیلتھ کیئر ڈلیوری سسٹم اور بیماریوں کی روک تھام کے پروگرام کا انتہائی اہم حصہ ہیں اور حکومت ان کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرے گی-سیکرٹری ہیلتھ نے مزید کہا کہ LHWsکے بقایاجات کی ادائیگی کے لئے حکومت نے پہلے ہی 3ارب روپے سے زائد کے فنڈز فراہم کردیئے ہیں-انہوں نے یہ بات اپنے دفتر میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اور لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جس نے رخسانہ انور کی قیادت میں ملاقات کی- اس موقع پر سپیشل سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ ڈاکٹر عائشہ سعید، ایڈیشنل سیکرٹری (ایڈمن)عمارہ، ایڈیشنل سیکرٹری ڈاکٹر سعدین، ایڈیشنل سیکرٹری (ٹیکنیکل) ڈاکٹر شہناز، ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر زاہدہ سرور، ایڈیشنل ڈائریکٹرIRMNCH پروگرام ڈاکٹر اختر رشید، منیجرآپریشن ڈاکٹر ید اللہ اور دیگر افسران نے شرکت کی- لیڈی ہیلتھ ورکرز کے وفد نے اپنے سروس سٹرکچر کے معاملات کے علاوہ فیلڈ ڈیوٹی کے دوران پیش آنے والے مسائل سے سیکرٹری صحت کو آگا ہ کیا- اس موقع پر اجلاس کو بتایا گیا کہ حاملہ خواتین ، زچہ بچہ کی دیکھ بھال ، خواتین اور بچوں کی ویکسینیشن ، روٹین ایمونائزیشن ، پولیومہم اور بیماریوں کی روک تھام میں لیڈی ہیلتھ ورکرز اہم ذمہ داریاں پوری کرتی ہیں- سیکرٹری ہیلتھ علی بہادر قاضی نے کہا کہ LHWsاور LHSمحکمہ صحت کا حصہ ہیں ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا- انہوں نے لیڈی ہیلتھ ورکرز پر زور دیا کہ وہ اپنے مسائل کے حل کے سلسلہ میں ان کے آفس سے رابطہ کرسکتی ہیں- سیکرٹری صحت نے IRMNCHکے ڈرائیورز کی ترقی سے متعلق مسئلہ پر ہدایت کی کہ اس سلسلہ میں ایس اینڈ جی اے ڈی کی پالیسی کو اپناتے ہوئے مذکورہ ڈرائیورز کے ترقی کے کیسز کو نمٹایا جائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں