برصغیر میں دین اسلام اولیائے کرام و مشائخ عظام کی تبلیغ و اشاعت سے پھیلا ہے‘میاں نعمان کبیر

اولیاء کرام نے اپنے شاندار کردار و عمل سے دین کی اشاعت کی اورلوگوں کو اسلام کی جانب متوجہ کیا‘صوبائی وزیر محنت و انسانی

جمعہ 13 جولائی 2018 23:52

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2018ء) برصغیر میں دین اسلام اولیائے کرام و مشائخ عظام کی تبلیغ و اشاعت سے پھیلا ہے ،اولیاء کرام نے اپنے شاندار کردار و عمل سے دین کی اشاعت کی اورلوگوں کو اسلام کی جانب متوجہ کیا،ان کے مقابررشد و ہدایت کا ذریعہ ہیں جہاں پر لوگ روحانی تسکین پاتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل میاں نعمان کبیر نے برصغیر پاک وہند کے صوفی بزرگ حضرت شاہ حسین المعروف مادھو لعل حسین رحمتہ اللہ علیہ کے مزار پر حاضری کے موقع پر زائرین سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

صوبائی وزیرمیاں نعمان کبیر نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کیا ور ملکی سلامتی و خوشحالی کے لئے خصوصی دعاکی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ دین کی ترویج میں اولیاء کرام کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔

(جاری ہے)

ان بندگان خدا نے اپنے خون جگر سے اسلام کے پودے کی آبیاری کی اورکفر کے اندھیروں میں اسلام کی شمع روشن کی۔صوبائی وزیر نے کہا کہ حضرت شاہ حسین رحمتہ اللہ نے ایک زمانہ کو فیضیاب کیااور قرآن و سنت کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا۔

آپ کے درس و تدرس میں دور دراز سے لوگ شرکت کرتے اور ایمان کی دولت حاصل کرکے واپس لوٹتے تھے۔بعد ازاں صوبائی وزیر میاں نعمان کبیر نے باغبانپورہ کے تاجروں کے وفود سے ملاقات کی ۔ صوبائی وزیر نے تاجروں کے مسائل سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔باغبانپورہ کی تاجر برادری نے میاں نعمان کبیر کو اہم وزارتوں کا قلمدان سنبھالنے پر مبارکباد دی۔صوبائی وزیر نے تاجروں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری طبقے کو آسانیاں فراہم کئے بغیر اقتصادی ترقی ممکن نہیں جس کے لئے ضروری اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کاروبار ی افراد کی مشکلات کو کم کرنے کی بھر پور کوشش کر رہی ہے تا کہ روز گار کے مواقع کو بڑھایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں