ایک سزا یافتہ شخص کو پکڑا جا رہا ہے تو اس میں کیا برائی ہے‘ چودھری پرویزالٰہی

نواز اور شہبازشریف بتائیں کہ15 سال میں عام و غریب آدمی یا آئندہ نسلوں کیلئے کیا کارنامہ انجام دیا‘جلسہ سے خطاب

جمعہ 13 جولائی 2018 23:45

ایک سزا یافتہ شخص کو پکڑا جا رہا ہے تو اس میں کیا برائی ہے‘ چودھری پرویزالٰہی
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 13 جولائی2018ء) مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ کرپشن میں سزا یافتہ ایک شخص کو پاکستان واپسی پر پکڑا جا رہا ہے تو اس میں کیا برائی ہے، دونوں بھائی نوازشریف اور شہبازشریف بتا دیں کہ انہوں نے 15 سال میں عام و غریب آدمی یا آئندہ نسلوں کیلئے کیا کارنامہ انجام دیا ہے۔

انہوں نے گجرات میں پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے مشترکہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایسی صورتحال نہیں ہونی چاہئے جیسی بنا دی گئی ہے، پولیس کے پاس بڑا نارمل طریقہ ہے کہ پہلے احتجاج کرنے والوں کو منع کرے اگر باز نہ آئیں تو پھر گرفتار کرے، اس میں کیا بری بات ہے جو لوگ مجرم کو گرفتار کرنے سے روکنے کے عمل میں حصہ دار بنتے ہیں ان کے ساتھ ایسا ہی سلوک ہو گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میاں نوازشریف اور میاں شہبازشریف نے اپنے دور اقتدار میں آنے والی نسلوں کیلئے کچھ کیا تو ہے نہیں پھر کس منہ سے کہہ رہے ہیں کہ آنے والی نسلوں کیلئے میں جیل جا رہا ہوں، چیف جسٹس پاکستان نے صاف پانی کمپنی میں اربوں روپے کی کرپشن بے نقاب کر دی ہے، آڈیٹر جنرل کی رپورٹ پڑھ لیں، مکینیکل تندور میں 3 ارب روپے کا فراڈ ہے، پیلی ٹیکسی کو نیلا کیا، آشیانہ سکیم کا فراڈ سامنے ہے، میری قائم کردہ 1122 ریسکیو سروس کا مقابلہ کر لیں، صحت کے شعبہ میں مقابلہ کر لیں، میرے دور کے بنے ہوئے ہسپتال شہبازشریف نے بند کر دئیے، ہم ہر سال 11 لاکھ نوکریاں دے رہے تھے، جی ڈی پی گروتھ 7.9 فیصد تھی اب 3 فیصد ہے، اورنج لائن دیکھ لیں، انہوں نے پنجاب کو دیوالیہ کر دیا ہے سب کو پتہ ہے کہ ن لیگ نے ملک اور پنجاب کا کیا حال کیا ہے۔

جلسہ سے پاکستان تحریک انصاف کے پی پی 31 سے امیدوار چودھری سلیم سرور جوڑا نے بھی خطاب کیا جبکہ سٹیج پر ضمیر شاہ، سید عاطف عظمت، علی ابرار جوڑا، چودھری ندیم اکبر جوڑا، شجاعت زیب جوڑا، ملک فیصل عمران، ملک محمد کبیر احمد، ملک بشارت احمد، ملک لطیف احمد، ملک محمد ایوب، ملک جاوید، میاں پرویز اختر پگا نوالہ اور دیگر رہنما بھی موجودتھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں