مستونگ ،بنوں اور پشاورمیں دھماکوں کے بعد پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،

سرچ آپریشنز کے احکامات جاری داخلی اور خارجی راستوں پربھی سکیورٹی بڑھادی گئی،انتخابی امیدوار جلسے ،جلوسوں سے سختی سے اجتناب کریں ‘ڈی آئی جی آپریشنز

ہفتہ 14 جولائی 2018 14:57

مستونگ ،بنوں اور پشاورمیں دھماکوں کے بعد پنجاب میں سکیورٹی ہائی الرٹ ،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) مستونگ ،بنوں اور پشاور میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے دھماکوں کے بعد لاہور سمیت پنجاب بھر میں سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر تے ہوئے سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کر دیئے گئے ، داخلی اور خارجی راستوں پر سکیورٹی بڑھانے کے ساتھ انتخابی مہم میں شریک سیاسی رہنمائوں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو بھی مزیدسخت کردیا گیا ۔

تفصیلات کے مطابق مستونگ ، بنوں اور پشاور میں انتخابی مہم کے دوران دھماکوں کے بعد پنجاب کی نگران حکومت کی جانب سے پولیس اور ماتحت انٹیلی جنس اداروںکو ہائی الرٹ کر دیا گیاہے ۔ ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب کی جانب سے پولیس کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ انتخابی مہم میں شریک تمام سیاسی رہنمائوں اور امیدواروں کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے ہر ممکنہ اقدامات اٹھائے جائیں ۔

(جاری ہے)

اس سلسلہ میں سیاسی جماعتوں کی انتخابی مہم کے منتظمین سے کہا گیا ہے کہ وہ اپنے طور پر بھی سکیورٹی کے انتظامات کریںتاکہ مشکوک اور غیر متعلقہ شخص کے بارے میں فوری آگاہی حاصل ہو سکے ۔ پولیس کی جانب سے داخلی اور خارجی راستوں پر بھی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کر کے آنے جانے والی گاڑیوں کی تلاشی لی جارہی ہے ۔ ذرائع کے مطابق پولیس کو پابند کیا گیا ہے کہ وہ کسی بھی مقام پر انتخابی کارنر میٹنگ یا اجتماع سے قبل اطراف میں سکیورٹی کلیئرنس کو یقینی بنائیں ۔

جبکہ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور شہزاد اکبر کا کہنا ہے کہ شہر کی سکیورٹی کو ہائی الرٹ کرتے ہوئے اہم تنصیبات اور پبلک مقامات کی سکیورٹی بڑھا دی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اہلکار مشکوک گاڑیوں پر کڑی نظر رکھیں اور انتخابی امیدوار جلسے جلوسوں سے سختی سے اجتناب کریں۔واضح رہے کہ جمعہ کے روز مستونگ میں انتخابی مہم کے دوران ہونے والے دھماکے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے امیدوار سراج رئیسانی سمیت 130افراد شہید ہوئے اور بنوں میں سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان اکرم درانی کے قافلے پر حملے کے نتیجے میں 5افراد شہید ہوئے جبکہ منگل کے روز پشاور میں بھی اے این پی کے امیدوار ہارون بلور سمیت 14افراد انتخابی مہم کے دوران ہونے والے خود کش حملے میں شہید ہوئے تھے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں