پشاور،مستونگ اور بنوں میں دھماکوںکا مقصد انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے ‘میاں مقصود احمد

نگران حکومت دہشتگردی کی روک تھام کیلئے سنجیدہ اقدامات اور سیکورٹی اداروں کو فعال کرے ،سول و عسکری قیادت امریکی پالیسیوں سے جان چھڑائے،پاکستان کے امن کے لئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے‘صدرمتحدہ مجلس عمل پنجاب کامختلف تقریبات سے خطاب

ہفتہ 14 جولائی 2018 19:06

پشاور،مستونگ اور بنوں میں دھماکوںکا مقصد انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے ‘میاں مقصود احمد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل پنجاب کے صدر اور امیر جماعت اسلامی پنجاب میاں مقصود احمد نے کہا ہے کہ پشاور ،مستونگ اور بنوں میںہونے والے دہشتگردی کے واقعات انتہائی افسوس ناک ہیں،ان دھماکوں کا مقصد ملک میں انتخابات کے عمل کو سبوتاژ کرنا ہے، نگران حکومت دہشتگردی کی روک تھام کے لئے سنجیدہ عملی اقدامات کرے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کومزید متحرک اور فعال کیا جائے،ملک دشمن بیرونی عناصر کے نیٹ ورک کے خاتمے کے لئے سخت فیصلے کرنا وقت کاناگزیرتقاضا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ نائن الیون کے بعد پاکستان میں بم دھماکوں اور قتل وغارت کاشروع ہونے والا سلسلہ ابھی تک تھمنے کانام نہیں لے رہا۔

(جاری ہے)

نام نہاد امریکی دہشت گردی کی جنگ میں اب تک 70ہزار سے زائد بے گناہ افراد بلی چڑھ چکے ہیں اورسواسوارب ڈالر کانقصان ہوچکاہے جس کی وجہ سے ملکی معیشت تباہی کے دھانے پر پہنچ چکی ہے۔

انہوں نے کہاکہ پرویزمشرف کی بزدلی کی وجہ سے آج پاکستان خون میں لت پت ہے۔ملک میں مکمل امن کے قیام کے لئے ضروری ہے کہ پاکستان نام نہاد امریکی جنگ سے چھٹکارہ حاصل کرے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان میں ہونے والی دہشت گردی کی وارداتوں میں بیرونی ہاتھ کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ۔ہندوستان، اسرائیل اور امریکہ پاکستان کی سلامتی کے خلاف کھل کر سامنے آچکے ہیںاورملک کے اندر مسلسل حالات کو خراب کرنے کی کوششیں کررہے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ امریکہ افغانستان سے عملاً رخصت ہوچکا ہے۔اب اس کی بچی کھچی صرف10ہزارفوج وہاں موجود ہے مگر اس نے ہمیں اس نہ ختم ہونے والی جنگ میں بری طرح الجھادیا ہے۔میاں مقصوداحمد نے مزیدکہاکہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ہماری سول اور عسکری قیادت قومی مفاد کوپیش نظر رکھ کر امریکی پالیسیوں سے جان چھڑائے اور خطے میں ہونے والی تبدیلیوں اور بالخصوص پاکستان کے امن کے لئے بہتر حکمت عملی اختیار کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں