شہر کے مختلف علاقوں میں(ن) لیگی کارکنان کی جانب سے توڑ پھوڑ ،

سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 12 مقدمات درج کئے گئے،ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر

ہفتہ 14 جولائی 2018 20:15

لاہور۔14جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) ڈی آئی جی آپریشنز شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں(ن) لیگی کارکنان کی جانب سے توڑ پھوڑ ، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے اور پولیس اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے پر 12 مقدمات درج کئے گئے۔ایف آئی آرز میں دہشت گردی، کارسرکار میں مداخلت، دفعہ 144 کی خلاف ورزی ودیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔

مقدمات سٹی، کینٹ، صدر، اقبال ٹائون اور سول لائنز ڈویژنز کی حدود میں قانون ہاتھ میں لینے پر درج کئے گئے۔گزشتہ روزاپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ لیگی رہنمائوں کے تشدد سے متعدد پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں، متاثرہ شدید زخمی پولیس اہلکار شہر کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج ہیں،تھانہ شمالی چھائونی جوڑے پُل پر زخمی افسران و اہلکاروں میں ڈی ایس پی قیصر مشتاق، کانسٹیبل یاسر، عارف ، جاوید اور طارق شامل ہیں،ناکہ سگیاں پر پتھرائو سے زخمی افسران و اہلکاروں میں سب انسپکٹر عامر شہزاد، اللہ دتہ اور ہیڈ کانسٹیبل قمر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ راوی ٹول پلازہ پر پتھرائو سے زخمی ہونے والے افسران و اہلکاروں میں سب انسپکٹر مشتاق، اے ایس آئی سرفراز، کانسٹیبل صدام حسین، علی رضا، شہزاد عاشق، محمد بلال اور ذیشان شامل ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ تمام ڈویژنل ایس پیز ہسپتالوں میں زیر علاج پولیس افسران و اہلکاروں کی خیریت دریافت کریں،ہسپتال انتظامیہ کو پولیس اہلکاروں کے علاج معالجے میں کسی قسم کی کثر اُٹھا نہ رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں