مستونگ، بنوں دھماکے،پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش ، غم کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں

ْ امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتیں،ڈاکٹر حسن عسکری قوم نے پہلے بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے قوم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر تاریخ رقم کی ہے ، مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے ،نگران وزیراعلیٰ پنجاب

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:20

مستونگ، بنوں دھماکے،پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش  ، غم کی گھڑی میں اپنے بھائیوں کیساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہیں
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) نگران وزیراعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری نے کہا ہے کہ مستونگ اور بنوں میں ہونے والے دھماکے ملک دشمن عناصر کی سازش ہیں ، اس طرح کے بزدلانہ دھماکے کرا کر دشمن پاکستان میں افراتفری اور عدم استحکام پیدا کرنے کی مذموم کوشش کر رہا ہے لیکن پاکستانی قوم ایسی کسی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دے گی ،اتحاد کی قوت سے امن دشمنوں کے مذموم عزائم ناکام بنا دے گی۔

نگران وزیراعلیٰ پنجاب نے ایک بیان میں کہا کہ مستونگ اور بنوں کے دھماکوں کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے اور بے گناہ انسانوں کا خون بہانے والے انسانیت کے دشمن ہیں اور یہ دھماکے پاکستان کے دشمنوں کی گھنائونی سازش ہے ۔ انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ہماری تمام تر ہمدردیاں سوگوار خاندانوں کے ساتھ ہیں،پنجاب حکومت غم کی گھڑی میں شہداء کے لواحقین کے ساتھ ہے اور غم کی اس گھڑی میں اپنے بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں، پاکستانی قوم نے پہلے بھی دہشت گردی کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اب بھی دہشت گردوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

انہو ںنے کہا کہ پاکستانی قوم نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دے کر دنیا میں تاریخ رقم کی ہے اور ان عظیم قربانیوں کی بدولت ملک جلد امن کا گہوارہ بنے گا۔انہو ںنے کہا کہ مستونگ میں پیش آنے والے دہشت گردی کے اندوہناک واقعہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر ہر آنکھ اشکبار ہے اور پوری قوم دہشت گردی کے اس واقعہ میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ قوم شہداء کی لازوال قربانی ہمیشہ یاد رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد انسانیت کے سفاک دشمن ہیں۔ معصوم انسانوں کے خون سے ہاتھ رنگنے والے کیفرکردار تک ضرور پہنچیں گے۔ امن کے دشمنوں کی ایسی بزدلانہ کارروائیاں قوم کے عزم کو غیر متزلزل نہیں کرسکتیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں