بلوچستان میں خاک و خون میں لت پت لوگ تڑپ رہے تھے شہبازشریف لاہور میں لوگوں کو قانون شکنی پر اکسا رہے تھے،

شہبازشریف اور ان کے بیٹوں نے ائیرپورٹ نہیں جانا تھا ،مال روڈ پر ڈرامہ کرتے رہے، چودھری پرویزالٰہی

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:20

بلوچستان میں خاک و خون میں لت پت لوگ تڑپ رہے تھے شہبازشریف لاہور میں لوگوں کو قانون شکنی پر اکسا رہے تھے،
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ مستونگ بلوچستان میں انتخابی ریلی میں شریک بے گناہ لوگ خاک و خون میں لت پت پڑے دم توڑ رہے تھے اور لاہور میں شہبازشریف ائیرکنڈیشنڈ گاڑی میں بیٹھے لوگوں کو قانون شکنی پر اکسا رہے تھے۔ وہ گجرات کے مختلف وفود سے گفتگو، بڑے اجتماع سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ شہبازشریف اور ان کے بیٹوں کو ائیرپورٹ نہیں جانا تھا اس لیے وہ نہیں گئے اور لوہاری اور مال روڈ پر ڈرامہ کرتے رہے۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ انتخابی جلسوں میں دہشت گردی کے واقعات افسوسناک ہیں، ہم بلور اور رئیسانی خاندان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور متاثرہ خاندانوں کیلئے صبر جمیل اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہیں۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نوازشریف اور شہبازشریف نے کون سا کارنامہ سرانجام دیا تھا جو عوام ان کیلئے باہر نکلتے وہ تو سزا یافتہ مجرم لاہور ایئرپورٹ پہنچ رہا تھا جس کی گرفتاری مطلوب تھی اس کا استقبال کیسا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کیسا مذاق ہے کہ خود ووٹر کو عزت نہ دینے والے کہتے ہیں کہ ووٹ کو عزت دو جبکہ انہوں نے ہمیشہ ووٹر کو دھوکہ دیا اور الیکشن میں دھاندلی کی،اس موقع پر چودھری صفدر ممتاز، چودھری ظہور ساہی، چودھری اظہر وڑائچ، عرفان ذکا سندھو، حاجی محمد صدیق، حسن عنایت سندھو، غلام رسول شارق، طارق محمد بٹ سمیت دیگر رہنما بھی ان کے ہمراہ تھے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں