کارپٹ کی عالمی نمائش سے دنیا بھر میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہوگا، متعلقہ ادارے تعاون کر یں، لطیف ملک

اتوار 15 جولائی 2018 16:00

لاہور۔15جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان کارپٹ مینو فیکچررز اینڈ ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن نے بھارت کی جانب سے پاکستان میں منعقدہ کارپٹ کی عالمی نمائش کو سبوتاژ کرنے کی دانستہ کوششوں کو ناکام بنانے کیلئے بھرپور عملی اقدامات کا فیصلہ کرتے ہوئے ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور دیگر متعلقہ اداروں سے تعاون کی درخواست کی ہے ،پاکستان میں منعقدہ عالمی نمائش کی کامیابی سے کارپٹ انڈسٹری سمیت دیگر شعبوں کو بھی پذیرائی ملے گی، ان خیالات کا اظہار ایسوسی ایشن کے چیئرمین لطیف ملک کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس میں کیا گیا ۔

اس موقع پر وائس چیئرمین قمر ضیاء ،کارپٹ انسٹی ٹیوٹ کے چیئرمین سعید خان، ممبر ایگزیکٹو و کوارڈی نیٹر ٹڈیپ ریاض احمد، سینئر ممبر ملک اکبر ، سابق چیئرمین میجر (ر) اختر نذیر اورانڈسٹری کے نمائندگان کی کثیر تعداد بھی موجود تھی ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں پی سی ایم ای اے کے زیر اہتمام پاکستان میں4سے 6اکتوبر تک منعقد ہونے والی عالمی نمائش اور اس کے مقابلے میں بھارت کی جانب سے ہی اکتوبر میں کارپٹ کی نمائش کی تاریخیں دینے کے فیصلے ، نمائش کی تیاریوں میں درپیش رکاوٹوں،ٹڈیپ کی جانب سے فنڈز میں اضافہ اور اجراء نہ کئے جانے سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا ، اجلاس میں متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان میں منعقدہ عالمی نمائش کو ناکام بنانے کیلئے دانستہ کوششوں کو ہر صورت ناکام بنایا جائے گا ، ہمارا مطالبہ ہے کہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی پاکستان ہمیشہ کی طرح اس مرتبہ بھی بھرپور مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرے ۔

اس سلسلہ میں فنڈز میں اضافہ کر کے اس کا فی الفور اجراء کیا جائے تاکہ غیر ملکی خریداروں ، مندوبین کو بھارت سے بہتر سہولیات کی پیشکش کر کے پاکستان آنے کے لئے راغب کیا جا سکے ۔چیئرمین لطیف ملک نے کہا کہ کارپٹ کی عالمی نمائش سے دنیا بھر میں پاکستان کا سوفٹ امیج اجاگر ہوگا اور ایسوسی ایشن اس کی کامیابی کیلئے دن رات کام جاری رکھے ہوئے ہے تاہم ٹڈیپ اور دیگر متعلقہ اداروں اپنی معاونت اور تعاون سے اس کے انعقاد کوکامیابی سے ہمکنار کریں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں