شہبازشریف اپنی ناکامی اور بدنیتی کی ذمہ داری انتظامیہ پر ڈالنے کے عادی ہیں‘ چودھری پرویزالٰہی

ناکامی لاہور شو کا مقدر تھی، پولیس اور نگرانوں کو گالیاں دے کر اپنی سازش چھپانا چاہتے ہیں، سابق وزیراعلیٰ الیکشن کمیشن نہ بنیں‘جلسہ سے خطاب

اتوار 15 جولائی 2018 16:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ شہبازشریف اپنی ناکامی اور بدنیتی کی ذمہ داری انتظامیہ پر ڈالنے کے عادی ہیں، ناکامی لاہور شو کا مقدر تھی شہبازشریف پولیس اور نگرانوں کو گالیاں دے کر اپنی سازش نہیں چھپا سکتے۔ وہ گجرات میں پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کی مشترکہ انتخابی مہم کے دوران بہت بڑے انتخابی جلسہ سے خطاب کر رہے تھے جس میں پی پی 31 سے پی ٹی آئی کے امیدوار چودھری سلیم سرور جوڑا، میاں عمران مسعود اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف کا ہمیشہ سے یہ وطیرہ ہے کہ وہ اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کے نتائج سامنے آنے پر ماتحت افسروں کو نشانہ بناتے تھے، انہوں نے کتنے ہی ڈپٹی کمشنروں، ایس پیز اور دیگر ماتحت افسروں کو اپنے کئے کی سزا دی۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ کرپشن میں سزا یافتہ نوازشریف کی واپسی پر استقبال کا فیصلہ عوامی امنگوں کیخلاف تھا لیکن شہبازشریف نے اپنی نام نہاد وفاداری اور محبت کا ڈھونگ رچانے کیلئے استقبالیہ ریلی کا سکرپٹ لکھا اور اس پر عمل بھی کیا، اسی سکرپٹ کے دوسرے حصہ پر عمل کرتے ہوئے وہ یہ ڈرامہ بھی کر رہے ہیں کہ لاکھوں لوگ لاہور کی سڑکوں پر تھے لیکن نگران حکومت کی ماتحت انتظامیہ اور پولیس نے انہیں ایئرپورٹ نہیں جانے دیا۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ شہبازشریف الیکشن کمیشن نہ بنیں اب انتظامیہ اور پولیس ان کے حکم کے تابع نہیں ہے جسے وہ دھمکیاں دینے، من مانے احکامات پر عملدرآمد کرانے کے علاوہ اپنے مخالفین کے خلاف استعمال کرنے کے عادی ہیں۔ سٹیج پر چودھری عاشق حسین، سید ضمیر شاہ، میاں پرویز پگانوالہ اور دیگر رہنما موجود تھے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں