لاہور، بیلٹ کے ذریعے بلٹ والوں کو شکست دیں گے،صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی

اتوار 15 جولائی 2018 20:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) جمعیت علماء پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور ایم ایم اے کے ترجمان صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے کہا ہے کہ بیلٹ کے ذریعے بلٹ والوں کو شکست دیں گے۔ ملک میں الیکشن نہیں سلیکشن ہو رہی ہے۔ پی ٹی آئی کے علاوہ ہر جماعت نے انتخابات کی شفافیت پر تحفظات کا اظہار کر دیا ہے۔ الیکشن متنازعہ ہوئے تو ملک کو ناقابل تلافی نقصان پہنچے گا۔

لگتا ہے موجودہ الیکشن کے نتیجے میں سیاسی عدم استحکام میں اضافہ ہو گا۔ خدائی مخلوق ایم ایم اے کے ساتھ ہے۔ نگران حکومتوں کی نااہلی اور جانبداری کھل کر سامنے آ چکی ہے۔ عمران خان نے سیاست میں بدزبانی کا کلچر متعارف کروایا ہے۔ عمران نیازی نے سیاسی کارکنوں کو گدھا کہہ کر اخلاقی دیوالیہ پن کا ثبوت دیا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ایم ایم اے کے امیدواروں کے انتخابی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

صاحبزادہ شاہ محمد اویس نورانی نے مزید کہا کہ کنٹرولڈ ڈیموکریسی ناقابل قبول ہے۔ عدلیہ اور نیب نے مخصوص جماعت کو ٹارگٹ کیا ہوا ہے۔ ایم ایم اے عوامی تائید و حمایت سے الیکشن جیتے گی۔ ہم اقتدار میں آ کر نظام مصطفے نافذ کریں گے۔ احتساب کو انتقام نہ بنایا جائے۔ دینی ووٹ الیکشن میں فیصلہ کن کردار ادا کرے گا۔ ہم ظلم، جبر اور استحصال کا خاتمہ چاہتے ہیں۔ 25 جولائی کو کنگ پارٹی تانگہ پارٹی بن جائے گی۔ تمام سیاسی جماعتیں سول بالادستی کے ایجنڈے پر متحد ہو جائیں۔ سیاسی انجیئرنگ کے ذریعے کنگ پارٹی کے لئے راستہ ہموار کیا جا رہا ہے۔ جیپ کے نشان والے غیر سیاسی قوتوں کے نمائندے ہیں۔ 07-18/--114

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں