پی ایف سی کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق کا ڈیموں کی تعمیر کے لئے فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان

اتوار 15 جولائی 2018 22:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2018ء) پاکستان فرنیچر کونسل (پی ایف سی) کے چیف ایگزیکٹو میاں کاشف اشفاق نے ڈیموں کی تعمیر کے لئے فنڈز جمع کرنے کے لئے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی طرف سے اٹھائے گئے اقدام کو ایک عظیم فیصلہ قرار دیتے ہوئے دیامر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے پی ایف سی کی طرف سے اس فنڈ میں دس لاکھ روپے جمع کرانے کا اعلان کیا ہے۔

سیکریٹری پی ایف سی عاقل سردار آج پیرکو بورڈ آف ڈائریکٹرز اور سی ای او میاں کاشف اشفاق کی طرف سے بینک میں ایک ملین روپے کا چیک جمع کرائیں گے۔ اتوار کو یہاں جاری بیان میں انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا پے کہ ہم بحیثیت ایک قوم آگے بڑھیں اور پانی کی قلت پر قابو پاتے ہوئے اپنی آئندہ نسلوں کو ایک بہتر اور خوشحال ملک دیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پانی کی کمی کی ایک بڑی وجہ تیزی سے بڑھتی ہوئی آبادی ہے لہذا پانی کی بڑھتی ہوئی ضروریات سے نمٹنے کے لئے پانی کی اسٹوریج کی صلاحیت کو بڑھانے کے لئے زیادہ سے زیادہ ڈیموں کی تعمیر کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ سٹوریج اور بنیادی ڈھانچہ کی کمی کے باعث سیلابی موسم کے دوران 30 ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر میں چلا جاتا ہے جو پانی کی کمی کے ساتھ ساتھ ملک کو سالانہ 14 بلین ڈالر کے نقصان کا باعث ہے۔ ایک ایسے ملک کے لئے جو پانی کے وسائل کا تقریبا 90 فیصد اپنے سب سے بڑے معاشی سیکٹر زراعت کیلئے استعمال کرتا ہے یہ نقصان ناقابل برداشت ہے اور مضحکہ خیز بات یہ ہے کہ کئی دہائیوں سے ہمیں اس قلت کا سامنا ہے مگر ہم ابھی تک ڈیموں کی تعمیر کیلئے عم؛لی اقدامات کرنے میں ناکام ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نئے ڈیموں کی تعمیر سے پانی فراہم کرکے 20 ملین ایکڑ اضافی زمین کو زیر کاشت لایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہر سال کوٹری بیراج سے تقریبا 2 کروڑ ملین ایکڑ فٹ پانی سمندر کی طرف بہتا ہے اور اگر ہم اس سالانہ بہاؤ کا صرف 10 فیصد ذخیرہ کرلیں تو یہ ہماری 30 دنوں کی ضروریات پورا کرنے کیلئے کافی ہے۔ موسم برسات کے دوران بھی پاکستان بارش کا پانی ذخیرہ نہیں کر رہا کس کی وجہ سے سیلاب کی صورت حال پیدا ہو جاتی ہے۔ میاں کاشف نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو مل بیٹھ کر جامع واٹر مینجمنٹ پلان تیار کرنا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں