جولائی کے دن کو 25جولائی کا ٹریلر قرار دینے والوں کی پوری فلم فلاپ ہو چکی ‘ جمشید چیمہ

عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پی پی کی طرح (ن) کی سیاست کو بھی ہمیشہ کیلئے منوں مٹی تلے دفن کر دینگے شہباز شریف کی ساری ترقی صرف سرکاری اشتہارات تک محدود تھی جس کا پول کھل گیا ‘ امیدوار حلقہ این ای127

پیر 16 جولائی 2018 17:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) تحریک انصاف کے مرکزی رہنما ، حلقہ این اے 127سے نامزد امیدوار جمشید اقبال چیمہ نے کہا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں عوام اپنے ووٹ کی طاقت سے پیپلز پارٹی کی طرح (ن) لیگ کی سیاست کو بھی ہمیشہ کیلئے منوں مٹی تلے دفن کر دیںگے ،ووٹرز اربوں روپے کی کرپشن پرسزا پانے والوں کے بیانیے کو مسترد کر کے ملک و قوم کی ترقی کا ایجنڈا اور بیانیہ پیش کرنے پرعمران خان کو اقتدار میں لانے کا اٹل فیصلہ کر چکے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی انتخابی مہم کے سلسلہ میں پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں کے ہمراہ ڈور ٹو ڈور مہم اور کارنر میٹنگز سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ احتساب عدالت کا فیصلہ آنے کے بعد (ن) لیگ میں واضح تقسیم پائی جاتی ہے اور رہنمائوں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے پانامہ کا طوق اپنے گلے میں پہننے سے صاف انکار کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

13جولائی کے دن کو 25جولائی کا ٹریلر قرار دینے والوں کی پوری فلم فلاپ ہو چکی ہے اور اب انہیں اپنی ضمانتیں ضبط ہونے کی فکر لا حق ہو گئی ہے۔ (ن) لیگ کے دور حکومت میں مختلف منصوبوںکے نام پر جاری ہونے والے کروڑوں ، اربوں روپے کے فنڈز خر چ کرنے کی بجائے اپنی جیبوں میں ڈال لئے گئے ۔ شہباز شریف کی ساری ترقی صرف سرکاری اشتہارات تک محدود تھی جس کا پول کھل گیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی میٹرو یا اورنج لائن منصوبوں کی ہرگز مخالف نہیں بلکہ ہم نے ہمیشہ ترجیحات کی بات کی ہے ۔عوام کو پینے کے صاف پانی ، صحت اور تعلیم کی سہولیات کی فراہمی سے قبل اربوں روپے قرض لے کر ان منصوبوں کے آغاز کا کوئی جواز نہیں تھا۔ جمشید چیمہ نے کہا کہ پیپلز پارٹی پہلے ہی مقابلے کی دوڑ سے باہر ہے اور انشا اللہ آئندہ عام انتخابات (ن) لیگ کی سیاست بھی ہمیشہ کیلئے منوں مٹی تلے دفن ہو جائے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں