انٹربینک ڈالر ریٹ خطرے کی گھنٹی بجارہاہے

، معاشی بحران سے بچنے کیلئے سٹیٹ بینک کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا‘ندیم قریشی ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کے منفی اثرات سے صنعت و تجارت اور زراعت سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا‘قائم صدر لاہور چیمبر

پیر 16 جولائی 2018 17:20

انٹربینک ڈالر ریٹ خطرے کی گھنٹی بجارہاہے
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2018ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے قائم مقام صدر محمد ندیم قریشی نے ڈالر کی قیمتوں پر قابو پانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ انٹربینک ڈالر ریٹ خطرے کی گھنٹی بجارہاہے، معاشی بحران سے بچنے کے لیے سٹیٹ بینک کو فوری طور پر حرکت میں آنا ہوگا۔ اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہاکہ ملک کو بھاری قرضوں ، مایوس کن برآمدات اور بڑھتے تجارتی خسارے جیسے بھاری مسائل کا سامنا ہے، ایسے میں روپے کی قدر میں کمی مزید مسائل پیدا کررہی ہے، اگر اس پر قابو نہ پایا گیا تو یہ مسائل مزید شدت اختیار کریں گے، صنعتی پیداوار میں کمی ہوگی، قرضوں میں ازخود اضافہ ہوجائے گا، برآمدات مزید مشکلات کا شکار ہونگی، افراط زر کی شرح بڑھ جائے گی اور عوام کی قوت خرید کم ہوگی جس سے معاشی چیلنجز مزید شدت اختیار کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ڈالر کی قیمت میں تیزی سے اضافے کے منفی اثرات سے صنعت و تجارت اور زراعت سمیت کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا، پاکستان کو ضروریات پوری کرنے کے لیے تیل کے علاوہ کھادیں، اشیائے خورد و نوش، مشینری اور صنعتی خام مال درآمد کرنے پڑتے ہیں ، یہ تمام اشیاء مہنگی ہوجائیں گی جس سے تمام طبقات متاثر ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ معیشت پہلے ہی دبائو میں ہے اور یہ مزید دبائو برداشت کرنے کی متحمل نہیں ہوسکتی لہذا حکومت بالخصوص سٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھانا ہونگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں