جونیئر ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2018 ء واپڈا کے ویٹ لفٹر نے سونے کا تمغہ پاکستان کے نام کر دیا

پیر 16 جولائی 2018 21:59

جونیئر ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2018 ء واپڈا کے ویٹ لفٹر نے سونے کا تمغہ پاکستان کے نام کر دیا
لاہور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) واپڈا کے ویٹ لفٹر نوح دستگیر نے جونئیر ورلڈ ویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ 2018 میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ایک مرتبہ پھر سونے کا تمغہ پاکستان کے نام کر دیا، چیئرمین واپڈا اور پیٹرن انچیف واپڈا سپورٹس بورڈ اور دیگر آفیسرز نے نوح دستگیر کو کامیابی پر مبارکباد دی ہے ، ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقد ہونے والی چیمپئن شپ میں نوح دستگیر نے 105+کیٹگری میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے تین میڈلز جیتے ، تفصیلات کے مطابق نوح دستگیر نے کلین اینڈ جرک کیٹگری میں 228 کلو گرام وزن اُٹھا کر پہلی جبکہ ایرانی ویٹ لفٹر نے 227 کلو گرام وزن کے ساتھ دوسری اور ارمانیا کے ویٹ لفٹر نے 222 کلوگرام وزن اُٹھا کر تیسری پوزیشن حاصل کی ، اِس کیٹگری میں نوح دستگیر پہلی پوزیشن حاصل کرکے جونیئر ورلڈویٹ لفٹنگ چیمپئن شپ میں سونے کا تمغہ حاصل کرنے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے ، سنیچ کیٹگری میں نوح دستگیر 171 کلو گرام وزن اُٹھا کر کانسی کے تمغے کے ساتھ تیسرے نمبر پر رہے ، چیمپئن شپ مقابلوں میں نوح دستگیر نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جس نے اُنہیں چیمپئن شپ کے دوران بہترین مجموعی کارکردگی کی بنا پر ایک اور کانسی کا تمغہ حاصل کرنے کے قابل بنایا، اس سے قبل نوح دستگیر آسٹریلیاکے شہر گولڈ کوسٹ میں منعقد ہونے والے 21ویں کامن ویلتھ گیمز میں بھی شاندار کارکردگی مظاہر کر چکے ہیں ، جن میں اُنہوں نے پاکستان کیلئے کانسی کا تمغہ جیتا تھا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں