گاڑیوں کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ کے خلاف حکم امتناعی جاری

پیر 16 جولائی 2018 22:47

لاہور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) لاہور ہائیکورٹ نے انتخابی عملے کے نام پرپنجاب کے مختلف اضلاع سے گاڑیوں کی پکڑ دھکڑاور الیکشن کمیشن کے احکامات کے بغیر گاڑیاں قبضے میں لینے سے روک دیا۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس جواد حسن نے کیس کی سماعت کی۔

(جاری ہے)

دوران سماعت درخواست گزاروقاص محمود وغیرہ کے وکیل سلمان منصور نے موقف اختیار کیا کہ آئین کے تحت ریاست کسی قانونی جواز کے بغیر شہریوں کے بنیادی حقوق کو سلب نہیں کر سکتی، انہوں نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع سے پولیس نے کسی قانونی جواز اور الیکشن کمیشن کے تحریری حکم نامے کے بغیر انتخابی عملے کے نام پر گاڑیوں کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے، انہوں نے کہا کہ پولیس کا یہ اقدام آئین کے آرٹیکل چوبیس کی سنگین خلاف ورزی ہے، جس پر عدالت نے گاڑیوں کی غیر قانونی پکڑ دھکڑ کے خلاف حکم امتناعی جاری کر دیا،عدالت نے پنجاب کے مختلف اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کر لیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں