عوام جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی اور یکجہتی کے عملی علمبرداروں کو ووٹ دیں، چودھری شجاعت حسین

پیر 16 جولائی 2018 22:51

عوام جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر ملکی سلامتی اور یکجہتی کے عملی علمبرداروں کو ووٹ دیں، چودھری شجاعت حسین
لاہور۔16جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ نگران حکومت کو چاہئے کہ انتخاب دشمن عناصر کی سازش کو ناکام بنانے کیلئے ایسے فوری اور مؤثر اقدامات کرے کہ انتخابات پرامن ماحول میں منعقد ہو سکیں، نگران حکومت کا فریضہ ہے کہ وہ تمام امیدواروں، ان کے حامیوں اور ووٹروں کو تحفظ فراہم کرے۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ انتخابی مہم کے حالہ چند روز میں پاکستان دشمنوں نے دہشت گردی کی انتہا کر دی ہے، بلوچستان میں عظیم محب وطن سراج رئیسانی اور پشاور میں ہارون بلور سمیت 200 افراد کو جس طرح شہید کیا گیا اس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، انہوں نے کہا کہ سراج رئیسانی قومی یکجہتی کے ایک دبنگ علمبردار کا کردار ادا کر رہے تھے، 23 مارچ کو یوم پاکستان پر ان کا بیان ملک دشمنوں کے سینے پر مونگ دل رہا تھا اور ان کو نشانہ بنایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات کا اعادہ نہیں ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں نگران حکومت کا فرض ہے کہ وہ امن و امان کو برقرار رکھے وہاں عوام کو بھی چاہئے کہ وہ جماعتی اختلافات سے بالاتر ہو کر 25 جولائی کو صرف ان امیدواروں کو ووٹ دیں جو پاکستان کی سلامتی، یکجہتی اور قومی سربلندی پر نہ صرف دل سے یقین رکھتے ہیں بلکہ اس کیلئے عملی کام بھی کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں