اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، بیرسٹر امجد ملک

منگل 17 جولائی 2018 12:51

لاہور۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) برطانیہ میں پاکستانی وکلاء کی تنظیم ایسویسی ایشن آف پاکستانی لائرز کے چیئرمین بیرسٹر امجد ملک نے کہاہے کہ اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق ملنا چاہیے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو مسلسل ووٹ کے حق سے محروم رکھنا آئین اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے، منگل کو یہاں لاہور ہائیکورٹ میں برطانیہ کے شہرمانچسٹر سے ٹیلی فونک گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر امجدملک نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم لاکھوں پاکستانیوں کوووٹ جیسے بنیادی حق سے ملنا چاہیے ،انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن سمیت کسی بھی سیاسی جماعت نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دلانے کے لئے عملی اقدامات نہیں کئے جو آئین پاکستان اور بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے،انہوں نے کہا کہ موجودہ عام انتخابات میں بھی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کے حق سے محروم رکھا گیا جس سے ان کی بے چینی میں اضافہ ہوا ہے،ان کا کہنا تھا کہ اگلے عام انتخابات میں اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے سے متعلق قانون سازی اورطریقہ کار وضع کر کے ان کی محرومی کا مداوا کیا جا سکتا ہے،بئیرسٹر امجدملک نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو پارلیمنٹ میں حق نمائندگی بھی دی جائے تاکہ ان کے اپنے مسائل براہ راست اسمبلی تک پہنچائے جا سکیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں