حکمرانوں نے ملک کو اس سطح پر پہنچادیا ہے کہ جہاں عام آدمی کو اپنے جائز کاموں کے لئے بھی رشوت دینا پڑ رہی ہے‘امیر العظیم

بددیانت سیاستدانوں، ان کے مفاد پرست سیاسی ایجنٹوں اور کرپٹ بیوروکریسی نے مل کر دفتری نظام تباہ وبرباد کردیا ‘ترجما ن جماعت اسلامی

منگل 17 جولائی 2018 23:53

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2018ء) ترجمان جماعت اسلامی پاکستان اور حلقہ این اے 135اور حلقہ پی پی 161سے متحدہ مجلس عمل کے امید وار امیرالعظیم نے کہا ہے کہ حکمرانوں نے ملک کو اس سطح پر پہنچادیا ہے کہ جہاں عام آدمی کو اپنے جائز کاموں کے لئے بھی رشوت دینا پڑ رہی ہے۔اعوان ٹائون اور شاہ پور کانجراںمیں کارنر میٹنگ سے خطاب کر رہے تھے۔

امیر العظیم نے کہا کہ بددیانت سیاستدانوں، ان کے مفاد پرست سیاسی ایجنٹوں اور کرپٹ بیوروکریسی نے مل کر دفتری نظام تباہ وبرباد کردیا ہے۔افسران عوام کی دادرسی کے بجائے حکمرانوں کی خوشامندمیں لگے رہتے ہیںاورسرکاری اہلکار سادہ لوح عوام کو دونوں ہاتھوں سے لوٹ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ لوگ ان بدیانت سیاسی نمائندوں سے سفارش کر اکر بھی سرکاری اہلکاروں کو رشوت دینے پر مجبور ہیں۔

(جاری ہے)

متحدہ مجلس عمل کرپشن اور ظلم کے اس شکنجے کو توڑے گئی۔ہم سرکاری اہلکاروں کو جواب دہ بنائیں گے اور ایسا نظام ترتیب دیں گے جس میں صرف لوٹ مار کرنے والوں ہی کو سزانہ ملے بلکہ اس لوٹ مار میں ان کی معاونت کرنے والے سرکاری اہلکاربھی قانون کو گرفت میں آئیں۔جب تک لوٹ مار کرنے والے افسر اور اہلکار عبرت ناک انجام کو نہیں پہنچتے ،کرپشن کا بازار گرم رہے گا۔

انہوں نے کہا کہ نام نہاد منتخب نمائندے اپنی مرضی کے افسر منافع بخش پوسٹوںپر لگواتے ہیںاور پھران سے اپنی مرضی کے کام لیتے ہیں۔ہم سرکاری افسران کی تقرری اور تبادلوں میں ایم این اے اور ایم پی اے کاکردار مکمل طورپر ختم کردیں گے اورسرکاری افسروںاور اہلکاروں کو پارلیمنٹ کے سامنے جواب دہ بنائیں گئے ۔انہوں نے ووٹرز سے کہا کہ رشوت دے کر انتخابات کے لیے ٹکٹیں لینے والے آپ کی بلامعاوضہ خدمت نہیں کر سکتے۔اس موقع پر شاہ پور کانجراں کی معروف سیاسی و سماجی شخصیت چوہدری نذیر نے اپنی اور اپنی برادری کی جانب سے امیر العظیم کی حمایت کا اعلان کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں