آئی جی پنجاب کا نواب سراج رئیسانی ، ہارون بشیر بلور سمیت دیگر افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار

بدھ 18 جولائی 2018 00:02

آئی جی پنجاب کا نواب سراج رئیسانی ، ہارون بشیر بلور سمیت دیگر افراد کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار
لاہور۔17جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2018ء) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سانحہ مستونگ میںنواب سراج رئیسانی اور پشاور میں ہارون بشیر بلور سمیت تمام شہدا ء کی شہادت پر انتہائی رنج و ملال کا اظہار کیا ہے اور پسماندگان کے نام جاری کئے گئے تعزیتی بیان میں شہداء کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔

سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان محمد اسلم خان رئیسانی کے نام بھجوائے گئے پیغام میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ شہید نواب سراج رئیسانی ایک محب وطن دلیر اور پاکستان کے سچے سپاہی تھے ، جن کی ملک و قوم کے لئے خدما ت کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ ان کی شہادت سے قوم ایک محب وطن پاکستانی سے محروم ہو ئی ہے۔ سابق وفاقی وزیر غلام احمد بلور کو بھجوائے گئے تعزیتی پیغام میں آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ بیرسٹر ہارون بشیر بلور شہید ایک محب وطن دلیر اور پختون قوم کیلئے ایک ہیرو کی حیثیت رکھتے تھے ، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بلور خاندان کی قربانیاں بے مثال ہیں ۔

(جاری ہے)

آئی جی پنجاب نے شہدا کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کرتے ہوئے کہا کہ اللہ پاک مرحومین کے سفر آخرت کو آسان بنائے اور سانحہ کے تمام شہداء کو اپنی جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے ۔مزید برآں آئی جی پنجاب ڈاکٹر سید کلیم امام نے سابق سینیٹر داؤد خان اچکزئی کے نام بھجوائے گئے خط میں ان پر جان لیوا حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گرد اور امن دشمن قوتیں اپنے مذموم مقاصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں