مریم نوازکا میڈیا سیل ختم کردیا گیا‘درجنوں ”دانشور“بیروزگار

مریم کی سرپرستی میں نہ صرف پاکستان بلکہ دوبئی اور برطانیہ میں بھی میڈیا سیل کام کررہے تھے-ذرائع

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 18 جولائی 2018 13:10

مریم نوازکا میڈیا سیل ختم کردیا گیا‘درجنوں ”دانشور“بیروزگار
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔18جولائی۔2018ء) مسلم لیگ( ن) نے نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کی میڈیا ٹیم کو عملی طور پر غیر فعال کرکے راہنماﺅں کو سخت بیان بازی سے روک دیا ہے مسلم لیگ نون اور مریم نوازمیڈیا سیل کے وجود سے انکار کرتی رہی ہیں ۔تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نوازکی سرپرستی میں نہ صرف پاکستان بلکہ دوبئی اور برطانیہ میں بھی سوشل میڈیا سیل کام کررہے تھے‘ایک اطلاع کے مطابق مسلم لیگ نون نے انتخابی مہم میں” میڈیا مینجمنٹ “کے لیے5ارب روپے کا بجٹ رکھا تھا اور نون لیگی میڈیا سیل کے لیے نامور صحافیوں‘کالم نگاروں‘اینکرزاور رپورٹرز کی خدمات حاصل کی گئی تھیں-تفصیلات کے مطابق نواز شریف اور شہبازشریف کے بیانیے میں اختلافات کھل کر سامنے آگئے، مسلم لیگ نون کے صدر شہباز شریف نے مریم نواز کی میڈیا ٹیم کوعملی طورپرغیرفعال کردیا گیا ہے، جس کے بعد مریم نواز کی قریبی سیاسی شخصیات بھی میڈیا ٹیم سے لاتعلق ہوگئے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم اور نگزیب سمیت کئی شخصیات کوسخت بیان بازی سے روک دیا گیا، مریم اورنگزیب نے ووٹ کی عزت کے بجائے ترقیاتی کاموں کا بیانیہ اپنالیا ہے۔خیال رہے ایوان فیلڈ میں سزا یافتہ مریم نواز اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔یاد رہے کہ 13 جولائی کو نوازشریف اور مریم نواز کو لندن سے لاہورپہنچتے ہی گرفتار کرلیا گیا تھا ، جس کے بعد دونوں کو خصوصی طیارے پر نیو اسلام آباد ایئر پورٹ لایا گیا، جہاں سے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ احتساب عدالت نے6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو مجموعی طورپر11 سال اور مریم نواز کو8 سال قید بامشقت اور جرمانے کی سزا سنائی تھی اور ساتھ ہی مجرموں پر احتساب عدالت کی جانب سے بھاری جرمانے عائد کیے گئے تھے۔فیصلے میں مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو 10 سال تک کسی بھی عوامی عہدے کے لیے بھی نااہل قرار دیا تھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں