تنظیم بین المذاہب ہم آہنگی کا انتخابات میں پی ٹی آئی ،این اے 127سے امیدوار جمشید چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان

تاریخ میں پہلی مرتبہ مافیا کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانے کا عمل شروع ہوا ہے ،ہم سب نے مل کر اسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے ‘ جمشید چیمہ تقریب میں آجاسم شریف ،خالد گھرکی، منصب فرمائش اعوان ،پیر سید معصوم حسین شاہ مجددی ،پیر اختر رسول قادری سمیت دیگرکی شرکت

بدھ 18 جولائی 2018 21:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2018ء) تنظیم بین المذاہب ہم آہنگی نے آئندہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف اور این اے 127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ کی بھرپور حمایت کا اعلان کر دیا ۔ اس سلسلہ میں سنگھ پورہ کے مقامی ہال میں پر وقار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں این اے 127سے امیدوار جمشید اقبال چیمہ ،پی پی 148سے امیدوار آجاسم شریف ،پی پی 153سے امیدوار خالد گھرکی، پی پی 154سے امیدوار منصب فرمائش اعوان ،صدر جمعیت علمائے پاکستان نیازی گروپ پیر سید معصوم حسین شاہ مجددی ، مجلس وحدت المسلمین شعبہ سیاست کے سربراہ سید اسد عباسی نقوی ، جمعیت علمائے اسلام پنجاب کے صدر پیر اختر رسول قادری ، ایران پاک فیڈریشن کے صدر خواجہ حبیب الرحمان ، اقلیتی رہنما سردار کلیان سنگھ ڈاکٹر امجد حسین ، سید اقرار حسین شیرازی ، کرسچین کمیونٹی کے رہنمائوںسمیت مرد و خواتین کی کثیر تعداد موجو د تھی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے جمشید اقبال چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ مافیا کا جیل کی سلاخوں کے پیچھے جانے کا عمل شروع ہوا ہے اور ہم سب نے مل کر اسے منطقی انجام تک پہنچانا ہے ۔انہوںنے کہا کہ علماء کرام نے جس طرح دین پھیلانے اورجدوجہد آزادی میں اپنا کردار ادا کیا اسی طرح انہیں پاکستان کو مافیا اور ان کے ایجنٹوں سے پاک کرنے میں بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا ۔

انہوںنے کہا کہ تحریک انصاف کا بڑا واضح پیغام ہے کہ ہم نے معاشرے میں معاشی اور سماجی انصاف قائم کرنا ہے کیونکہ اس کے بغیر پاکستان کو مضبوط بنیادیں فراہم نہیں کی جا سکتیں ۔ہم نے ہمیشہ اقلیتوں کے حقوق کی بات کی ہے اور انشا اللہ اقتدار میں آکر انہیں درپیش مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کریں گے۔دیگر رہنمائوں نے کہا کہ تحریک انصاف ملک لوٹنے والی نہیں بلکہ ملک سنوارنے والی جماعت ہے اور آئندہ عام انتخابات میں عوام اسے بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ختم نبوت کے معاملے پر ہزاروں لوگوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا ، جب (ن) لیگ والوں نے اس مسئلے کو چھیڑا اور اس پر احتجاج کی پرواہ نہ کی تو اللہ تعالیٰ نے ان کی پکڑ کر لی ۔اس موقع پر تمام رہنمائوں نے آئندہ عام انتخابات میں تحریک انصاف ،حلقہ این اے 127اور ذیلی حلقوں میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کی بھر پور حمایت کا اعلان کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں