نگراں حکومت الیکشن کے شفاف انعقاد کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے، کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں ، تنقید بلا جواز ہے ، احمد وقاص ریاض

ہفتہ 21 جولائی 2018 00:10

لاہور۔20جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) صوبائی نگراں وزیر اطلاعات پنجاب احمد وقاص ریاض نے کہا ہے کہ موجودہ نگران حکومت عام انتخابات کو صاف اور شفاف انداز میں منعقد کرانے کیلئے بھرپور اقدامات کر رہی ہے اور اپنی ذمہ داریوں سے بخوبی آگا ہ ہے جنہیں پورا کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں ،انہوں نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت کے صدر نے گزشتہ چند روز سے منفی بیانات دینے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے جو افسوسناک ہے ،احمد وقاص ریاض نے کہا کہ نگران حکومت کے تمام وزراء اور حکومتی ادارے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کے مطابق مکمل معاونت کر رہے ہیں اور اس ضمن میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جا رہی ، وزیر اطلاعات نے کہا کہ نگران حکومت کا کسی سیاسی جماعت سے کوئی تعلق نہیں ،اس سلسلے میں ہونے والی تنقید بلا جواز ہے ،ہم تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں ،احمد وقاص ریاض نے سیاسی رہنماؤں کو مشورہ دیا کہ وہ ایسے بیانات سے گریز اور احتیاط کریں جن سے شکوک و شبہات پیدا ہوتے ہوں ، انہوں نے کہا کہ پنجاب کی نگران حکومت کی25جولائی کو پولنگ ڈے کے حوالے سے تیاریاں مکمل ہیں اور انشاء اللہ اپنے فرائض قواعد و ضوابط ادا کرنے کے پابند ہیں ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں