لاہور بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ،کامیابی کا تناسب75.14فیصدرہا

پوزیشن ہولڈرز طالب علموں کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد ،اول پوزیشن حاصل کرنیوالے طلبہ کو لیپ ٹاپ بھی دئیے گئے

ہفتہ 21 جولائی 2018 16:36

لاہور۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) لاہور بورڈ نے میٹرک کے سالانہ امتحانات کے نتائج کا اعلان کر دیا ،کامیابی کا تناسب75.14فیصدرہا۔سیکنڈری سکول کے امتحان میں2لاکھ32ہزار46امیدواروں نے حصہ لیا،ایک لاکھ74ہزار363امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔ لاہور بورڈ کی جانب سے میٹرک کے امتحان میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کے اعزاز میں خصوصی تقریب گزشتہ روز یہاں مقامی ہوٹل میں منعقد ہوئی ،تقریب کے مہمان خصوصی کمشنر لاہور ڈویژن ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ تھے۔

تقریب میں چیئر مین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل، سیکرٹری ڈاکٹرریحانہ الیاس ، کنٹرولر (امتحانات)پروفیسر ناصر جمیل ، پوزیشن ہولڈر طلباء و طالبات ، ان کے والدین ، اساتذہ اور شعبہ تعلیم سے وابستہ نمایاں شخصیات نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے پوزیشن ہولڈر زطالب علموں میں میڈلزاور اسناد تقسیم کیں۔

امیدواران کو پہلی، دوسری، تیسری پوزیشن کے لیئے تعریفی اسناد کے ساتھ ساتھ بالترتیب 20ہزار، 15ہزاراور 10ہزار روپے کے نقد انعامات اور سونے ،چاندی اورکانسی کے میڈلز دیے گئے ۔ لاہور بورڈ کی جانب سے ان طالب علموں کے اساتذہ کو میڈلز سے نوازا گیا جبکہ مہمان خصوصی ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے اول پوزیشن حاصل کرنے والے وسیم یٰسین اور توصیف افضل کو لیپ ٹاپ بھی دئیے ۔

چیئر مین لاہور بورڈ چودھری محمد اسماعیل اورکنٹرولر پروفیسر ناصر جمیل نے امتحانی نتائج کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی اور بتایا کہ لاہور بورڈ نے اپنی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے رزلٹ لیٹ فری نتائج کا اعلان وقت مقرر پر کیا ہے ۔پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے بتایا کہ تفصیلی نتائج لاہور بورڈ کی ویب سائٹ ww.biselahore.comپر اًپ لوڈ کر دئیے گئے ہیں اور اس کے ساتھ ساتھ موبائل ایس ایم ایس کے ذریعے نتائج معلوم کرنے کی سہولت بھی مہیا کی گئی ہے ۔

کمشنر لاہور ڈاکٹر مجتبیٰ پراچہ نے اپنے صدارتی خطاب میں پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دی اور اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ آئندہ زندگی میں تعلیمی کامیابیوں کی روایات برقرار رکھیں گئے۔ اس موقع پر پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ محنت ، لگن اور دیانت کو شعاربنا کر زندگی میں مزید کامیابیاں حاصل کریں گے ۔

سیکرٹری لاہور بورڈ پروفیسر ریحانہ الیاس نے اسٹیج سیکرٹری کے فرائض سرانجام دیے ۔ادھر بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن کے زیراہتمام سیکنڈری سکول کے سالانہ امتحانات2018ء میں دانش سکول (بوائز) انڈس ہائی وے روڈ فاضل پور ضلع راجن پور کے وسیم یاسین اور علی پبلک بوائز ہائی سکول رحمان پورہ لاہور کے توصیف افضل نے 1091 نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی۔

مجموعی طور پر دوسری پوزیشن ایک طالب علم اور ایک طالبہ نے 1090 نمبر لے کر حاصل کی ۔ دی ایجوکیٹر ہائی سکول برائے طلبہ سبزہ زار سکیم ملتان روڈ کے محمد حاشم فیصل اوردی ٹرسٹ گرلز ہائی سکول عامر ٹائون ہربنس پورہ لاہور کی وجیہہ اسلم نے حاصل کی۔اسی طرح سے مجموعی طور پر تیسری پوزیشن علامہ اقبال پبلک ہائی سکول برائے طالبات رائیونڈ روڈ قصور کی حفصہ سلیم نے 1089نمبر لے کر حاصل کی۔

سائنس گروپ بوائز میں پہلی پوزیشن دو طلبا پنجاب دانش سکول برائے طلبا فاضل پور ضلع راجن پور کے وسیم یاسین اور علی پبلک بوائز ہائی سکول رحمان پورہ لاہور کے توصیف افضل نے 1091 نمبر لے کر حاصل کی۔جبکہ دی ایجوکیٹر ہائی سکول برائے طلبا سبزہ زار سکیم ملتان روڈ کے محمد حاشم فیصل نی1090 نمبر لے دوسری پوزیشن حاصل کی۔تیسری پوزیشن گورنمنٹ سنٹرل ماڈل ہائی سکول لوئر مال لاہور کے حافظ محمد حارث1088نمبر لے کر کامیاب رہے۔

سائنس گروپ طالبات میںدی ٹرسٹ گرلز ہائی سکول عامر ٹائون ہربنس پورہ لاہور کی وجیہہ اسلم نی1090نمبر لے کر پہلی پوزیشن حاصل کی، جب کہ سائنس گروپ طالبات میں دوسری پوزیشن علامہ اقبال پبلک ہائی سکول برائے طالبات رائیونڈ روڈ قصور کی حفصہ سلیم نے 1089 نمبر لے کر حاصل کی۔ حرا پبلک ہائی سکول برائے طالبات ہائوسنگ کالونی ننکانہ صاحب کی اریج اورڈویژنل پبلک گرلز ہائیر سیکنڈری سکول ماڈل ٹائون لاہور کی زہرہ شعیب دونوں نے 1088نمبر لے کر تیسری پوزیشن حاصل کی۔

آرٹس گروپ بوائز میں پہلی پوزیشن ضلع قصور کے نجی طور پر امتحان دینے والے طالب علم محمد عظیم اخلاص نے 1034نمبر لے کر حاصل کی ۔جبکہ دوسری پوزیشن کے لیے لاہور کے نجی طور پر امتحان دینے والے طالب علم معین الدین 1026نمبر لے کر حقدار ٹھہرے ۔ تیسری پوزیشن رانا گرائمر سکول برائے طلبا سوک سنٹر مون مارکیٹ گلشن راوی کے ابو بکر آصف نے 1016نمبر لے کر حاصل کی۔

آرٹس گروپ طالبات میں پہلی پوزیشن فاروقی گرلز ہائی سکول کریم پارک راوی روڈ لاہور کی عریشہ نے 1059نمبر لے کر حاصل کی جبکہ دوسری پوزیشن کے لیے دی پنجاب گرلز ہائی سکول ٹائون شپ لاہور کی عائشہ مریم 1054نمبر لے کر کامیاب ہوئی۔تیسری پوزیشن فاروقی گرلز ہائی سکول کریم پارک راوی روڈ لاہور کی ثوبیہ 1045نمبر لے کر کامیاب رہیں۔اس موقع پر چیئرمین لاہور بورڈ پروفیسر چودھری محمد اسماعیل نے پوزیشن حاصل کرنے والے طالب علموں کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی ہے کہ وہ آئندہ زندگی میں بھی محنت اور لگن کے ساتھ مزید تعلیمی کامیابیاں حاصل کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں