عوام کو ضروریات زندگی کیلئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے‘ڈپٹی کمشنر پشین

بدھ 26 اپریل 2017 23:51

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 اپریل2017ء)ڈپٹی کمشنر طارق الرحمان بلوچ نے کہا ہے کہ عوام کو ضروریات زندگی کے لئے سہولیات کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے ۔ تعلیم اور صحت کے ساتھ ساتھ تمام تر وسائل عوام کی دہلیز پر پہنچانا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے ۔ جس پر کوئی سمجھوتہ قابل قبول نہیں اور کسی قسم کی غفلت قابل برداشت نہیں ہوگی۔

ان خیالات کا اظہار تحصیل خانوزئی کے گورنمنٹ پولی ٹیکنک انسٹی ٹیوٹ میں کھلی کچہری سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔ حکومت اور عوام کے مشترکہ مجلس میں قبائلی عمائدین ،سیاسی اکابرین، ایف سی کے سیکٹر کمانڈنٹ برگیڈئیر ندیم سہیل اور مختلف مکاتب فکر کے لوگوں سمیت تمام محکموں کے ضلعی آفسران موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عوام اپنے ارد گرد کے لوگوں پر کڑی نظر رکھیں۔

(جاری ہے)

کسی مشکوک شخص کو کرائے کے لئے مکان فراہم نہ کریں اور کسی انجان شخص کو پناہ نہ دے ۔ تاکہ شر پسند عناصر اپنے مضموم مقاصد میں کامیاب نہ ہو سکیں ۔ اور ہمارے آنے والی نسلیں محفوظ رہ سکیں ۔جس پر خانوزئی کے باشعور عوام نے ہمیشہ کی طرح آئندہ بھی حکومت کا ساتھ دینے اور اس ضمن میں ہر طرح کی قربانی دینے کا عہد کیا ۔ تقریب میں سابق صوبائی وزیر تعلیم عبد الواحد صدیقی اور سابق میئر کوئٹہ عبد الرحیم کاکڑ نے خانوزئی کے عوام کی نمائندگی کرتے ہوئے تحصیل کو درپیش مسائل سے متعلق ڈپٹی کمشنر اور کمانڈنٹ ایف سی کو آگاہ کیا اور تقریب میں موجود عوام نے سرکاری محکموں کی کارکردگی سے متعلق مختلف سوالات بھی کئے۔

جس پر موجود آفسران نے ان کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ان کو مطمئن کیا ۔ اور اپنے اپنے محکموں کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے کے لئے مزید محنت کرنے کا عہد بھی دے دیا۔طارق الرحمان بلوچ نے کہا کہ اس کلی کچہری کا مقصد عوام اور حکومت کے مابین ہم آہنگی کو فروغ دینا،عوامی مسائل سے بخوبی واقفیت اور ملک دشمن عناصر سے متعلق شعور آگاہی فراہم کرنا ہے ۔ تقریب کے آخر میں تحصیل خانوزئی کے عوام نے ڈپٹی کمشنر ،کمانڈنٹ ایف سی اور ضلعی آفسران کا شکریہ ادا کرتے ہوے مزید بھی اس طرح کی پروگراموں کے انعقاد کی خواہش ظاہر کی ۔

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں