پشین، پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کیلئے مفلوج کر دیتا ہے۔اس کے خاتمے کیلئے علما ء کرام کا تعاون ضروری ہے، ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز

جمعرات 24 اگست 2017 22:56

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 اگست2017ء) ڈپٹی کمشنر بالاچ عزیز نے کہا ہے کہ پولیو ایک موذی مرض ہے جو بچوں کو عمر بھر کے لیے مفلوج کر دیتا ہے۔اس کے خاتمے کے لیے علاقے کے علما ء کرام ، سیاسی وقبائلی عمائدین سمیت دیگر معتبرین کا تعاون ضروری ہے ۔ ان خیالات کا اظہارا نہوں نے مختلف یونین کونسلوںمیںٹرانزٹ پوا ئنٹس اور پولیو ورکرزکی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 21سے 27 اگست تک جاری رہنے والی انسداد پولیو مہم میں سات سو ٹیموں کی مددسے پانچ سال تک عمرکی( ایک لاکھ تینتیس ہزار)بچوں کو حفاظتی قطرے پلائے جارہے ہیں ۔ جس کے لئے (پینتالیس) خصوصی ٹرانزٹ پوا ئنٹس بھی قائم کئے گئے ہیں ۔ ضلع کی( انتالیس) یونین کونسلوں میںپولیو مہم پر مامور سیکورٹی کے فرائض سرآنجام دینے والے (ایک سو پچیس )پولیس اہلکار ،( تین سو سترہ) لیویز اہلکاروں سمیت (بیس )ایف سی اہلکار شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ پولیو وائرس ایک قومی مسئلہ ہے ۔ ہم اپنے بچوں کے مستقبل کو کسی صورت دائو پر لگنے نہیں دینگے ۔مہم میں کسی قسم کی رکاوٹ اور غفلت کو برداشت نہیں کیاجائیگا۔ بالاچ عزیز نے کہا ہے کہ جگہ جگہ ٹرانزٹ پوا ئنٹس کا قیام اور باربار مہم چلانا اس لئے ضروری ہے کہ بد قسمتی سے اب بھی ہمارے وطن میں پولیو کا وائرس موجود ہے اور رپورٹ کے مطابق کوئٹہ ،قلعہ عبداللہ سمیت ضلع پشین میں بھی یہ وائرس زندہ پایا گیا ہے ۔ جوکہ ایک المیہ سے کم نہیںہے ۔اس موذی مرض کے خاتمے کے لئے تمام مکاتب فکر کومل کر کام کرنا ہوگا تاکہ ہم اپنے آنے والی نسلوں کو پولیو سے پاک پاکستان مہیا کرسکیں ۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں