سرد علاقوں میں گیس ٹیرف سلیب صفر سے 500کرنے کے مطالبے کو فوری طور پر تسلیم کرکے غریب عوام کو ریلیف دیا جائے،پشتونخواملی عوامی پارٹی

منگل 14 نومبر 2017 22:09

پشین (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 نومبر2017ء) پشتونخواملی عوامی پارٹی ضلع پشین کے جاری کردہ بیان میں وفاقی حکومت اور وزرات پٹرولیم وقدرتی وسائل کے اعلیٰ حکام سے پر زور مطالبہ کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سرد علاقوں میں گیس ٹیرف سلیب صفر سے 500کرنے کے مطالبے کو فوری طور پر تسلیم کرکے غریب عوام کو ریلیف دیا جائے جبکہ پشتونخوامیپ کے صوبائی صدر سنیٹر محمد عثمان خان کاکڑ کی جانب سے پیش کردہ قرار داد میں اس مطالبے کو سینٹ نے متفقہ طور پر منظور کیا ہے ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی حکومت اس میں شامل سیاسی جمہوری پارٹیاں اور ہر مکتبہ فکر کے باشعور عوام اور تنظیمیں غریب عوام کے اس برحق مطالبے کو منوانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے ہوئے آواز بلند کرے۔

(جاری ہے)

بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ضلع کوئٹہ سمیت اس صوبے اور ملک میں تمام سرد علاقوں کے غریب عوام اپنے بچوں اور گھرانوں کی سردی سے حفاظت کی خاطر گیس کا استعمال کرتے ہیں اور ان علاقوں کے عوام کیلئے سلیب ریٹ صرف اور صرف صفر سے 100تک موجودہ حد انتہائی کم ہے اور ان علاقوں کے گھرانوںمیں افراد کی تعداد بھی زیادہ ہوتی ہے اور شدید سردی کے موسم میں صرف انسانی جانوں کی حفاظت کی خاطر زیادہ گیس استعمال ہوتی ہے ۔

لہٰذا انسانی جانوں کی حفاظت کی خاطر ریلیف ہر حکومت وقت کی آئینی اور قانونی طور پر اولین ذمہ داری ہے اور یہ جائز مطالبہ غریب عوام کی مکمل اکثریت کا احاطہ کرتا ہے ۔ جبکہ موجودہ سلیب ریٹ صفر سے 100کے بعد مسلسل اس طرح بڑھتی ہے کہ انتہائی کم اور غریب گھرانے کا گیس کا ماہانہ بل بھی ناقابل برداشت ہوجاتا ہے ۔ جبکہ ملک کے گرم علاقوں میں مختصر گھرانوں اور صرف کھانے پکانے کے چولہے کیلئے گیس کا ماہانہ استعمال صفر سے 100کی ٹیرف حد عبور نہیں کرتی ۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ موجودہ سردی کے شروع ہونے کے ساتھ ہی کوئٹہ سمیت پشین اور دوسرے علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈنگ اور گیس پریشر میں مسلسل کمی اور اس کا غائب رہنا شروع ہوگیا ہے جو متعلقہ گیس حکام کی جانب سے اس فوری اور بنیادی مسئلے کو سنجیدہ بنیادوں پر حل کرنے میں عدم دلچسپی ، کاہلی اور ہمارے غریب عوام کے ساتھ گیس حکام کی مسلسل دشمنی کا ثبوت ہے جو قابل مذمت اور مزید ناقابل برداشت ہے کیونکہ سردی کے اس موسم میں دن رات ہر گھر ، دکان ،دفاتر سمیت ہر جگہ بروقت گیس کی فراہمی ہی سردی سے بچائو کا واحد ذریعہ ہے ۔

لہٰذا وفاقی حکومت وزارت پٹرولیم کے اعلیٰ حکام ان حقائق کو جلد سے جلد تسلیم کرکے سلیب ٹیرف ریٹ کی حد صفر سے 500تک کرنے کی منظوری دیتے ہوئے فوری طور پر اس پر عملدرآمد کیا جائیں۔

متعلقہ عنوان :

پشین میں شائع ہونے والی مزید خبریں