دہشت گردی وبدامنی نے قوم کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے ، مولاناعبدالحق ہاشمی

ہفتہ 14 جولائی 2018 22:18

قلعہ سیف اللہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی امیر مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہا کہ ملک وعوام پر جب بھی کوئی مشکل وقت پڑا ، علمائے کرام نے متحدہو کر قوم کو اس مصیبت سے نجات دلائی ،دہشت گردی وبدامنی نے قوم کو تباہ کرکے رکھ دیا ہے آنے والا الیکشن مسائل کے حل، ملک کی بقا اور سا لمیت کے لیے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتاہے ،قوم دینی جماعتوں علمائے کرام کو کامیاب بناکر ملک میں سیکولر طبقات کی سازشوں کو ناکام بنائیں الیکشن کمپیئن کے دوران 25جولائی تک منبر و محراب اور درگاہوں اور خانقاہوں سے یہود و ہنود کے ایجنڈے کے خلاف زور دار آواز اٹھنی چاہیے ،بم دھماکے وبدامنی الیکشن کو سبوتاژ کرنے کی جانب قدم ہوسکتے ہیں،الیکشن شفا ف نہ ہوئے تو قوم معاف نہیں کریگی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے لورالائی جاتے ہوئے قلعہ سیف اللہ میں علمائے کرام سے گفتگو کرتے ہوئے کہی ۔اس موقع پر جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مولانا عبدالحمیدمنصوری،جماعت اسلامی قلعہ سیف اللہ کے نائب امیر ملک مرجان کاکڑبھی ان کے ہمراہ تھے۔ انہوں نے جمعیت علمائے کرام (ف)کے ضلعی دفتر میں بھی جے یو آئی کے رہنمائوں سے ملاقات کی ۔

صوبائی امیر مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی نے ایم ایم اے کو بنانے وعلمائے کرام ودینی طبقات کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کیلئے ابتداء سے کوششیں کی دینی طبقات علمائے کرام اگراخلاص کیساتھ متحدرہے تو کوئی طاقت انہیں نقصان نہیں پہنچا سکتا ایم ایم اے کی کامیابی سے سیکولر طبقات کی سازشیں ناکام ہوگی نظریاتی مملکت پاکستان میں دینی ووٹرزکی بڑی تعداد موجودہیں انہیں اسلام سے محبت کرنے والے طبقات کی کوششوں سے ایم ایم اے الیکشن میں بھر پور کامیابی حاصل کریگی ۔

قوم کے لٹیروں کو بے نقاب وناکام بنانے ہم سب کی ذمہ داری ہے عصبیتوں، تعصب کی آگ بڑکانے والے عناصر قوم کو آپس میں لڑارہے ہیں ایم ایم اے کی کامیابی سے اسلامی قوانین سمیتختم نبوت قانون کوبھی تحفظ ملیگا باشعور عوام ووٹ کی پرچی سے باکردار دیانت دار اورعلماء کرام کو پارلیمنٹ میں بھیجیں انشاء اللہ مقام مصطفیٰؐ کا تحفظ بھی ہوگا اور نظام مصطفیٰ ؐکا نفاذ بھی،بدقسمتی سے گزشتہ اطوار میں کامیاب ہونے والوں نے نہ قوم کے مسائل حل کیے اور اسلامی قوانین کا تحفظ اور نہ ہی دشمن کی سازشوں کوناکام بنایا بلکہ دولت بڑھانے پرتوجہ دی ۔

الحمدا للہ جماعت اسلامی ہر قسم کی کرپشن ،موروثیت وتعصب کے خلاف ہے ۔ قوم 25جولائی ووٹ استعمال کرتے ہوئے دوستی ،رشتہ داری ،انفرادی مالی مفادکے بجائے کردار، خدمت دیانت ،اجتماعی ترقی اور اعمال کوسامنے رکھیں تاکہ پوری قوم مسائل کے گرداب سے نکل سکیں۔

قلعہ سیف اللہ میں شائع ہونے والی مزید خبریں