کیپٹن صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے لیگی رہنما ئو ں کی ضمانت میں توسیع

عدالت کا آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم

بدھ 18 جولائی 2018 12:49

کیپٹن صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے لیگی رہنما ئو ں کی ضمانت میں توسیع
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جولائی2018ء) ایون فیلڈ ریفرنس میں قید کی سزا پانے والے سابق وزیراعظم نواز شریف کے داماد کیپٹن ریٹائرڈ محمد صفدر کی گرفتاری میں رکاوٹ ڈالنے والے (ن)لیگی امیدواروں اور رہنما ئو ں کی ضمانت میں 28 جولائی تک کے لیے توسیع کر تے ہوئے آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم دیدیا ۔

بدھ کو ایڈیشنل سیشن جج محمد عطا ربانی نے درخواستوں پر سماعت کی، اس دوران عدالت نے آئندہ سماعت پر تھانہ سٹی پولیس کو مقدمے کا ریکارڈ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔کیپٹن (ر)صفدر کی گرفتاری کے دوران رکاوٹ بننے پر چوہدری تنویر، ملک ابرار، دانیال چوہدری اور حنیف عباسی سمیت دیگر کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگ (ن)کے رہنما ئو ں کے خلاف پولیس اور نیب کی مدعیت میں مقدمات درج کیے گئے جب کہ مجرم کیپٹن(ر)صفدر اڈیالہ جیل میں قید ہیں۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے سابق وزیراعظم نواز شریف کو مجموعی طور پر 11، ان کی ساحبزادی مریم نواز کو 8 اور کیپٹن(ر)محمد صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی تھی۔عدالت کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد کیپٹن (ر)صفدر روپوش ہوگئے تھے جس کے بعد انہوں نے راولپنڈی میں مسلم لیگ (ن)کی ریلی میں شرکت کی اور بعدازاں نیب نے انہیں حراست میں لیا۔

راولپنڈی میں شائع ہونے والی مزید خبریں