ساہیوال؛نواحی دیہات میں رکشہ ڈرائیور کو 10 روپے کا تقاضا کرنے پر تشدد اور ٹوکے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا

واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب،پولیس کے گرفتاری کیلئے چھاپے

اتوار 13 ستمبر 2015 17:10

ساہیوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 13 ستمبر۔2015ء) ساہیوال کے ایک نواحی دیہات میں رکشہ ڈرائیور کو 10 روپے کا تقاضا کرنے پر تشدد اور ٹوکے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے روز ساہیوال کے ایک نواحی دیہات 138 نائن ایل میں ایک پرویز نامی رکشہ ڈرائیور کو 10 روپے کرائے کا مطالبہ کرنے پر مسافر نے تشدد کا نشانہ بنایا اور کچھ ہی دیر بعد مسافر کے رشتہ دار بھی موقع پر پہنچ گئے اور ہتھوڑی اور ٹوکے سے ڈرائیور پرویز پر وار کئے جس سے پرویز کی ایک ٹانگ کٹ گئی جبکہ ہسپتال پہنچاتے ہوئے راستے میں رکشہ ڈرائیور جان کی بازی ہار گیا۔

مقتول رکشہ ڈرائیور پرویز کی نعش کو ڈی ایچ کیو ہسپتال ساہیوال منتقل کر دیا گیا جہاں اس کا پوسٹ مارٹم کیا گیا ۔ ہسپتال انتظامیہ کے مطابق پرویز کی موت ٹانگ کٹنے کے باعث زیادہ خون بہہ جانے کی وجہ سے ہوئی ہے اگر وقت پر مقتول کو ہسپتال پہنچایا جاتا تو اس کی جان بچائی جا سکتی تھی ۔

(جاری ہے)

واردات کے بعد ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے اور پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے حوالے سے کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے ۔واقعہ کے بعد مقتول پرویز کے لواحقین نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کے باہر بھرپور احتجاج کیا اور وزیر اعلی پنجاب میاں شہباز شریف سے واقعہ کا نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری اور سخت سزاؤں کا مطالبہ کیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں