پنجاب حکومت چھوٹے کسانوں سے گندم کا ہر دانہ خریدے گی اور انہیں مالی نقصان نہیں پہنچنے دیا جائیگا‘گندم خریداری مہم کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے جس میں حکومت ماضی میں کامیاب رہی ہے

صوبائی وزیر خوراک میاں بلال یٰسین کا ساہیوال میں کسانوں کے اجتماع سے خطاب

جمعرات 3 مارچ 2016 19:23

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔03 مارچ۔2016ء) صوبائی وزیر خوراک میاں بلال یٰسین نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت چھوٹے کسانوں سے گندم کا ہر دانہ خریدے گی اور انہیں مالی نقصان نہیں پہنچنے دیا جائے گا ۔گندم خریداری مہم کا بنیادی مقصد مارکیٹ میں قیمتوں کو مستحکم رکھنا ہے جس میں حکومت ماضی میں کامیاب رہی ہے ۔انہوں نے یہ بات سرکٹ ہاؤس میں کسانوں کے ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں آنیوالی گندم خریداری مہم کو مزید شفاف بنانے کیلئے ان سے تجاویز لی گئیں ۔

اس موقع پرڈائریکٹر فوڈ آصف بلال لودھی ،ڈی سی او ساہیوال آصف اقبال چوہدری ،ڈی سی او اوکاڑہ سقراط امان اﷲ اور ڈپٹی ڈائریکٹر فوڈ ساہیوال شیخ عبدالرؤف بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلئے دور رس اقدامات اٹھائے ہیں جن میں سب سے اہم پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ہے تا کہ فصلوں کی پیداواری لاگت کم ہو اور کسانوں کے منافع میں اضافہ ہو سکے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کسانوں کو یقین دلایا کہ خریداری مہم کے دوران ان کی دی ہوئی تجاویز پر ہر ممکن عمل کیا جائے گا اور ان کی شکایات کو فوری دور کیا جائے گا تا کہ چھوٹے کسانوں کو بغیر کسی تکلیف کے گندم کا مناسب معاوضہ مل سکے ۔اس سے پہلے ممبر قومی اسمبلی راؤ محمد اجمل اور کسان نمائندوں نے اپنی تجاویز میں حکومت سے مطالبہ کیا زمینداروں کی پٹواری سے جان چھڑائی جائے اور باردانہ کی فراہمی کو اوپن کیا جائے تا کہ ہر کسان اپنی فصل فروخت کر سکے ۔

انہوں نے خریداری مراکز کے پاس بینک برانچز کھولنے کی بھی تجویز دی تا کہ کسان اپنی فصل کا معاوضہ فوری حاصل کر سکے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ زرعی ادویات ،کھادوں اور بیج سے جی ایس ٹی ختم کی جائے تا کہ پیداواری لاگت میں کمی آئے اور کسانوں کے منافع میں اضافہ ہو۔

متعلقہ عنوان :

ساہیوال میں شائع ہونے والی مزید خبریں