بیوی ، بیگم اور وائف !

جمعرات جنوری

Irshad Bhatti

ارشاد بھٹی

ایک شخص پوسٹ آفس جا کر کاوٴنٹر کلرک سے کہنے لگا ”میری بیوی گم ہوگئی ہے رپورٹ لکھیں“۔کلرک نے کہا ”حضور یہ پوسٹ آفس ہے پولیس اسٹیشن نہیں “، یہ سن کر وہ شخص بولا ”اوہ اچھا ،معاف کرنا، دراصل خوشی میں سمجھ ہی نہیں آرہی کہ جانا کدھر ہے“۔جج نے ملزم سے کہا کہ ”تم پر الزام ہے کہ تم نے 10سال بیوی کو ڈرا دھمکا کر اپنے کنٹرول میں رکھا “،ملزم لیکن سر ۔

۔۔جج۔۔ صفائی چھوڑ طریقہ بتا ۔نامور شاعر منیر نیازی شادی کے بعد کراچی گئے تو جون ایلیا سے ملاقات ہوگئی ۔جون ایلیا نے کہا ”منیر خان تمہارے تو آدھے بال سفید ہو گئے “۔منیر نیازی بولے ”شادی کے بعد جو مجھ پر گذری اگر تم پر گذرتی تو تمہارا تو خون بھی سفید ہو جاتا “۔ عین رخصتی کے وقت دولہے کا موبائل بجا اور پھر نئی نویلی دلہن نے اُسے خوب مارا کیونکہ دولہے کے موبائل کی رِنگ ٹون تھی ”دل میں چھپا کے ارمان لے چلے،ہم آج اپنی موت کا سامان لے چلے “۔

(جاری ہے)

تاریخ نے آدم  وحوا کو خوش نصیب جوڑا کہا کیونکہ ان کی زندگی ایسی خوشگوار تھی کہ بی بی حوا نے تو حضرت آدم  کو یہ طعنہ بھی نہ مارا کہ ” میں ہی ہوں جو ساتھ نبھا رہی ہوں کوئی اور ہوتی تو تمہیں کب کی چھوڑ کر جا چکی ہوتی “اور نہ ہی حضرت آدم  نے اماں حوا سے کہا کہ ”اوہ ہو،کتنے اچھے اچھے رشتے موجود تھے پتا نہیں مجھے کیا ہوا جو تجھے پسند کر بیٹھا “۔

اس جوڑے کی خوشگوار زندگی کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ ان کے پاس چوائس نہیں تھی اور آج فساد کی جڑ بھی یہی کہ آج چوائس بہت ہے ۔ کہتے ہیں کہ بیوی کی خوبیاں تلاش کرنا ایسے ہی ہے کہ جیسے اپنی خامیاں تلاش کرنا ۔ بیوی نئی ہو تو کہیں دل نہیں لگتا،پرانی ہو جائے تو پھر تو واقعی دل نہیں لگتا،بیگم خوبصورت ہو تو نظر نہیں ہٹتی، خوبصورت نہ ہوتو نظر نہیں لگتی، باپردہ بیوی وہ جو شوہر کو ہر عورت سے پردہ کرا دے ، خوبصورت بیوی وہ جسکی شوہر ہر بات سنتا ہو، خوب سیرت بیوی وہ جو شوہر کی ہر بات سنتی ہواور دنیا کی سب سے اچھی ہستی ماں بشرطیکہ وہ آپ کی ہو آپکے بچوں کی نہیں ۔

تحقیق بتائے کہ جو مرد اپنے باپ کی بیوی کے ہاتھ کا کھانا کھائیں، ان کی عمریں دراز ہوتی ہیں اور جنہیں اپنے بچوں کی ماں کا پکا ہو ا کھانا پڑے انہیں اپنی عمریں دراز لگنے لگ جاتی ہیں ۔ ایک مرتبہ آلووٴں کے پراٹھے کھاتے ہوئے شوہربولا ”یہ آلووٴں کے کیسے پراٹھے ہیں کہ جن میں آلو نظر ہی نہیں آرہے،بیگم نے کچن سے ہی جواب دیا ”چپ کر کے کھاوٴ، مجھے بھی تمہاری ماں کے کشمیری پلاوٴ میں کبھی کشمیر نظر نہیں آیا“۔


وہ عورت جسے آپ ساری زندگی متاثر نہیں کر سکتے ،وہ بیوی ہے اور وہ عورت جسے آپ چند منٹوں میں متاثر کرسکتے ہیں وہ بھی بیوی مگر دوسرے کی ۔ وہ بیویاں جو اپنے خاوندوں کو یہ طعنہ دیں کہ نکھٹووٴ شاہ جہاں کو دیکھو کہ جس نے اپنی بیوی ممتاز کی محبت میں تاج محل بنادیا، ان تمام بیویوں کی اطلاع کیلئے عرض ہے کہ شاہ جہاں نے سات شادیاں کیں اور ممتاز اُس کی چوتھی بیوی تھی ۔

شاہ جہاں نے ممتاز کے پہلے خاوند علی قلی خان کو قتل کروا کر اس سے شادی کی ۔ ممتاز 14واں بچہ پیدا کرتے ہوئے مری اور ممتاز کے مرنے کے بعد شاہ جہاں نے اسکی چھوٹی بہن سے شادی کر لی ۔اب بتاوٴ ابھی بھی چاہیے تاج محل ۔ ہر بیوی کی نظر میں دنیا کا سب سے بہترین اور مکمل آدمی اس کا باپ،دنیا کا سب سے دکھی خاوند اس کا اپنا بھائی ، دنیا کا سب سے خوبصورت مرد اس کا بیٹا ،دنیا کا سب سے خوش نصیب آدمی ا سکی بہن کا شوہر اور دنیا کا سب سے کنجوس ،خود غرض اور بیکار شخص اس کا اپنا شوہر ہوتا ہے۔


ایک وقت تھا کہ جب روسی صدر گورباچو ف کی بیگم رئیسہ کے بڑے چرچے تھے لیکن پھر روس ٹوٹ گیا ۔ امریکی خواتین اول میں کچھ تو کمال کی بیویاں نکلیں ، جیسے صدر جارج واشنگٹن کو اپنی 5فٹ سے بھی کم قدوالی امیر بیوی مارتھا کی دولت نہ ملتی تووہ کبھی صدر نہ بن پاتے ،یہی مارتھا اپنے وائٹ ہاوٴس میں رہنے کو ”سرکاری قید “کہا کرتی۔ ایبی گائل وہ پہلی خاتون کہ جس کا خاوند او ر بیٹا دونوں امریکی صدر بنے ۔

صدر جیمز میڈیسن کی بیوی ڈولی نسوار سونگھنے کے نشے میں مبتلا تھی ( اس پٹھان کا تو پتا نہیں چلا جو یہ نسوار پہنچاتا رہا مگر پٹھانوں کی پہنچ دیکھیں ) ،صدر جیمز پولک کی بیوی ساراچلڈ ریس نے وائٹ ہاوٴس میں شراب نوشی ،رقص اور تاش کھیلنے پر پابندی لگائے رکھی ،صدر فرینکلن کی بیوی جین پیرس اپنے 3بیٹوں کی اوپر تلے اموات کے بعد نیم پاگل ہو گئی ، صدر کینڈی کے قتل کے بعد ان کی بیگم جیکو لین کینڈی کو امریکہ سے ایسی نفرت ہوئی کہ ا س نے یونان جا کر ایک ارب پتی سے شادی کر لی، مردوں پر ہمیشہ شک کرنے والی جیکو لین کینڈی غصے کی بہت تیز تھی ، ایک مرتبہ ایک صحافی نے پوچھا ”آپ کا کتا کیا کھانا پسند کر تاہے“ تو جیکو لین بولی ”پریس رپورٹرز“۔

امریکی صدر ریگن کی بیوی نیسنی اتنی باتونی تھی کہ اس کی سن سن کر بالآخر ریگن کے کان جواب دے گئے اور زندگی کے آخری سال ریگن نے بہرے پن میں گذارے ۔ کلنٹن اور ہیلری کو مونیکا لیونسکی ایسی بری نظر بن کر لگی کہ ایک عرصے تک دونوں کے تعلقات ایسے ہی رہے کہ جیسے آجکل صدر اوبامہ اور انکی اہلیہ مشل کے ہیں ۔
ایک آدمی ایک بزرگ کے پاس گیا اور کہا ”میں جب بھی کوئی کام کرتا ہوں ،میری بیوی آگے آجاتی ہے ،کوئی حل بتائیں ،بزرگ بوے ”توں ٹرک چلا کے ویکھ ،اللہ مہربانی کرے گا “۔

آئے روز بیویاں اور گاڑیاں بدلتے عربیوں کے دیس سعودی عرب میں ابھی پچھلے ماہ ایک سعودی شخص نے دوسری شادی کی تو سہاگ رات والی رات ہی غصے سے بھری پہلی بیوی اپنے شوہر کی گاڑی لے کر نکلی اور ٹریفک قوانین کی اتنی خلاف ورزیاں کیں کہ شوہر کو 3لاکھ ریال جرمانہ بھرنا پڑا۔ اپنے ملک کی بات کریں تو یہاں تو خیبر سے کراچی تک زرداری صاحب سے زیادہ خوش نصیب خاوند اور کوئی نظر ہی نہیں آتا ۔

وہ بیوی کی وجہ سے زمین سے آسمان پر پہنچے اور جب بی بی آسمان پر پہنچیں تو وہ نیچے آکر بادشاہ بن بیٹھے اور اب خود تو زمین پر ہی رہنے کیلئے کوشاں مگر بی بی کی پارٹی بی بی کے پاس پہنچانے کے خواہشمند ۔ ویسے پاکستان ہے بڑا عجیب ملک کہ جہا ں گھر گھر تو ”بیوی راج “ مگر حکومت” میاں“ کی ۔ یہاں ذرا کیمرون کاحال بھی سن لیں ، اس افریقی ملک میں جب بادشاہ مرتا ہے تو ولی عہد کو وراثت میں بادشاہت کے ساتھ مرحوم بادشاہ کی بیویاں بھی مل جاتی ہیں۔

اسی ورثے کی بدولت کیمرون کے موجود ہ بادشاہ سلامت 70بیویوں کے اکلوتے خاوند ہیں ۔
ایک مرغااپنے بیمار مالک کے سامنے دیوار پر بیٹھا تھا کہ بیگم صاحبہ آئیں اور اپنے خاوند کی نبض چیک کر کے بولیں ” کمزوری جائے گی تو آپ کا بخار اترے گا، میں آج آپ کیلئے چکن سوپ بنا تی ہوں “ یہ کہہ کر بیگم نے جب مرغے کی طرف دیکھا تو مرغا گھبرا کر بولا ” باجی جی اِک و اری دودھ دے نال Panadol دے کے ویکھ لو “۔

پٹھان سے کسی نے پوچھا کہ بیوی ،بیگم اور وائف میں کیا فرق ہے، پٹھان بولا ”کوئی فرق نہیں یہ بھی بھارت، ہندوستان اور انڈیا کی طرح ایک ہی دشمن کے 3نام ہیں ۔ ایک پہلوان کا شاگرد شادی کی صبح سہرا باندھے گھوڑے پر سوار اکھاڑے میں آیا اور پہلوان کے گھٹنے چھو کربولا ”استاد جی کوئی نصیحت “ اک پہلوانی جھپی کے بعد پہلوان نے کہا ” بچے تمہارے پاس گھوڑا بھی ہے اور وقت بھی ، بھاگ جا “۔

ہمارے ہاں میرج لائف ایسے ہی ہوتی ہے کہ جیسے پارک میں واک کرنا ،بس مسئلہ اتنا سا کہ یہ پارک۔۔۔ جراسک پارک ہوتا ہے ۔ یہاں شادی اور درویشی اختیار کرنے کا End Result ایک ہی نکلے کیونکہ ترکِ دنیاکرنے پر ایک کو اللہ مل جائے اور دوسرے کو وہ بیوی جو بالآخر اُسے اللہ تک پہنچا کر ہی دم لے ۔ہمارے معاشرے میں شوہر سر اور بیوی وہ گردن جو سر کو جب اور جس طرف چاہے موڑ لے ۔

ہمارے ہاں Wife لگے تبھی Cuteجب ہو وہ Muteاور شوہر ہو تبھی Honeyجب دے روزانہ Money۔ جاتے جاتے بیویوں سے ایک گذارش کہ اس سے بڑی بیوقوف بیوی کوئی ہو ہی نہیں سکتی کہ جو خاوند کو غلام بنا کر پھر عمربھر خود بھی غلام کی بیوی کہلائے اور اُس سے عقلمند بیوی بھلا کون ہو گئی جو شوہر کو بادشاہ بناکر خود ساری زندگی ملکہ بنی ر ہے اوریہاں شوہروں سے بھی ایک درخواست کہ قبلہ ”تانکا جھانکی پروگرام “اور چوائس پر نہیں اپنی بیگموں پرفو کس کریں اور چوری چھپے دعائیں مانگنے اور صدقے دینا بند کر دیں کیونکہ دعاوٴں اور صدقے سے ہر بلا ٹل سکتی ہے مگر وہ نہیں کہ جس سے آپ کا نکا ح ہو چکا ہو۔
© جملہ حقوق بحق ادارہ اُردو پوائنٹ محفوظ ہیں۔ © www.UrduPoint.com

Your Thoughts and Comments

Urdu Column Biwi Begum Or Wife Column By Irshad Bhatti, the column was published on 12 January 2017. Irshad Bhatti has written 211 columns on Urdu Point. Read all columns written by Irshad Bhatti on the site, related to politics, social issues and international affairs with in depth analysis and research.