وعدے قُرآن و حدیث نہیں ہوتے
پیر 20 اگست 2018
(جاری ہے)
2018ء کے انتخابات کے بعد سوائے تحریکِ انصاف کے تمام سیاسی جماعتوں نے اِن انتخابات کو ”دھاندلی زَدہ“ قرار دے دیا۔
2018ء کے ”دھاندلی زَدہ“ الیکشن کے فوری بعدپیپلزپارٹی اور نوازلیگ سمیت تمام سیاسی جماعتیں (سوائے تحریکِ انصاف کے) سَر جوڑ کر بیٹھیں۔ مولانا فضل الرحمٰن کسی بھی صورت میں حلف اٹھانے کے لیے تیار نہیں تھے، نوازلیگ گومگو میں تھی لیکن پیپلزپارٹی پارلیمنٹ کا فورم استعمال کرنے کے حق میں تھی۔ چنانچہ فیصلہ ہوا کہ انتخابی دھاندلی پر پارلیمنٹ کے اندر اور باہر، دونوں جگہ احتجاج کیا جائے گا۔ یہ بھی طے ہواکہ قومی یا کسی بھی صوبائی اسمبلی میں تحریکِ انصاف کو ”واک اووَر“ نہیں دیا جائے گا۔ فیصلہ ہوا کہ قومی اسمبلی میں وزیرِاعظم کے انتخاب میں نوازلیگ حصّہ لے گی جبکہ، سپیکر پیپلزپارٹی اور ڈپٹی سپیکرایم ایم اے کے اُمیدوارہوں گے۔ اِسی فارمولے کے تحت نوازلیگ نے پیپلزپارٹی کے سیّد خورشید شاہ اور ایم ایم اے کے اُمیدوار کو ووٹ دیئے لیکن جب وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کی باری آئی تو زرداری صاحب ایک دفعہ پھر یہ کہتے ہوئے صاف مُکر گئے کہ ”وعدے قُرآن و حدیث نہیں ہوتے “۔ پیپلزپارٹی کی یہ دلیل انتہائی کمزور اور ناقابلِ قبول کہ نوازلیگ میاں شہباز شریف کے علاوہ کسی بھی اُمیدوار کو سامنے لے آئے، وہ اُسے ووٹ دے گی۔ اگر یہی بات تھی تو پھر پیپلزپارٹی کو نوازلیگ کی طرف سے بلائی گئی ”آل پارٹیز کانفرنس“ میں شرکت ہی نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ یہ تو طے تھا کہ نوازلیگ کی طرف سے میاں شہبازشریف ہی وزارتِ عظمیٰ کے اُمیدوار ہوں گے۔ اگر میاں شہباز شریف کے ماضی میں کہے گئے جملوں پر اتنا ہی اعتراض تھا تو پھر پیپلزپارٹی کو تحریکِ انصاف کے ڈی چوک اسلام آباد میں دیئے گئے دھرنے کے دنوں میں بھی نوازلیگ کا ڈٹ کر ساتھ نہیں دینا چاہیے تھا۔ دراصل بات کچھ اور تھی۔ ہوا یہ کہ جونہی نوازلیگ اور پیپلزپارٹی ایک پلیٹ فارم پر اکٹھی ہوئیں، مقتدر قوتیں حرکت میں آئیں اور آصف زرداری کے گرد گھیرا تنگ ہونے لگا۔اُن کے انتہائی قریبی ساتھی انور مجید اور اُس کے بیٹے عبد الغنی مجید کو مَنی لانڈرنگ کیس میں گرفتار کر لیا گیا۔ کراچی کی بینکنگ کورٹ نے جعلی اکاوٴنٹس سے متعلق آصف زرداری سمیت تمام ملزمان کو 4 ستمبر تک گرفتار کرکے پیش کرنے کا حکم دے دیا۔ آصف زرداری اور اُن کی بہن فریال تالپور کو پہلے ہی ایف آئی اے نے طلب کر رکھا ہے۔ یہی وہ وجوہات تھیں جن کی بنا پر آصف زرداری نے نوازلیگ سے فاصلہ رکھنے میں ہی عافیت جانی۔ اِسی لیے خواجہ سعد رفیق نے طنزیہ انداز میں کہا کہ آصف زرداری کی ”مجبوری“ تھی۔
نوازلیگ کا صدر بن جانے کے بعد میاں شہباز شرف کا کردار بھی لائقِ تحسین نہیں رہا۔ اُنہوں نے اپنے قول، فعل اور عمل سے یہ ثابت کر دیا کہ وہ ایک اچھے ایڈمنسٹریٹر تو ہو سکتے ہیں، لیکن پارٹی کی قیادت اُن کے بَس کا روگ نہیں۔ اِس سارے عرصے کے دوران وہ مصلحتوں کے گرداب میں پھنسے رہے اور ”کلمہٴ حق“ کہنے کی جرأت نہ کر سکے۔ میاں نوازشریف کی وطن واپسی پر وہ استقبالی ہجوم کے ساتھ آسانی سے ایئرپورٹ تک پہنچ سکتے تھے مگر پتہ نہیں کس مصلحت کے تحت وہ طے شدہ پروگرام سے لَگ بھگ تین گھنٹے بعد ریلی لے کر ایئر پورٹ کی طرف روانہ ہوئے اور صرف ”بھٹہ چوک“ تک ہی پہنچ سکے۔ الیکشن کمیشن اسلام آبادکے سامنے احتجاج کا اعلان خود میاں شہباز شریف نے کیا لیکن وہ غیرحاضر رہے۔ بہانہ یہ بنایا کہ موسم خراب تھا، فلائیٹ نہیں جا سکی۔ اگر وہ احتجاج میں شریک ہونا چاہتے تو آسانی سے بذریعہ موٹر وے اسلام آباد پہنچ سکتے تھے لیکن شاید اُن کی جانے کی نیت ہی نہیں تھی۔ شنید ہے کہ وہ وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب کے بعد پارلیمنٹ میں احتجاج کے حق میں بھی نہیں تھے لیکن اپنی پارلیمانی پارٹی میں بغاوت کے آثار دیکھ کر وہ احتجاج پر مجبور ہوئے۔ شائد اُنہیں ادراک ہی نہیں کہ نوازلیگ کو ووٹ میاں نوازشریف کے ”بیانیے“ پر پڑے، اُن کے ترقیاتی کاموں پر نہیں۔ اُنہیں سمجھ لینا چاہیے کہ
فخر ہوتا ہے گھرانے کا سدا ایک ہی شخص
17 اگست کو کپتان 176 ووٹ لے کر وزیرِاعظم منتخب ہو گئے جبکہ میاں شہباز شریف کو پیپلزپارٹی کی مہربانی سے 96 ووٹ ملے۔ یہ تو طے تھا کہ میاں شہباز شریف کسی بھی صورت میں وزارتِ عظمیٰ کا انتخاب نہیں جیت سکتے لیکن پیپلزپارٹی کا سیاسی کردار بھی کھُل کر سامنے آگیا جس نے وزارتِ عظمیٰ کے انتخاب سے لاتعلقی کا اظہار کرکے یہ ثابت کر دیا کہ اُس کی سیاست اُس کے ذاتی مفادات کے گرد ہی گھومتی ہے۔ پاکستان کے 22 ویں وزیرِاعظم کے خطاب کے دَوران ایوان انسانوں کے جنگل میں دنگل کا سا سماں پیش کرتا رہا۔ ایوان میں پارلیمانی تاریخ کی بدترین ہنگامہ آرائی دیکھنے میں آئی۔ خواجہ آصف ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ پھار کر عمران خاں پر پھینکتے رہے۔ خواتین کی ایک بڑی تعداد میاں نوازشریف کی تصویریں اُٹھا کر سپیکر کے ڈائس کے سامنے دھرنا دے کر بیٹھ گئیں۔ پھر قائدین کی جانب سے ہدایت ملنے پر خواتین نے اپنا رُخ عمران خاں کی طرف موڑ دیااور انتہائی اشتعال انگیز نعرے بازی شروع کر دی۔ ایوان ،نوٹ دو،ووٹ لو ،چور چورووٹ چور، عمران خاں ووٹ چور، جعلی مینڈیٹ نا منظور، جعلی وزیرِاعظم نا منظورکے نعروں سے گونجتا رہا۔ خیال یہی تھا کہ پندرہ بیس منٹ میں یہ ہنگامہ آرائی ختم ہو جائے گی تو نئے وزیرِاعظم خطاب کریں گے لیکن ہو ایہ کہ جونہی ایک گروپ نعرے لگاتا لگاتا تھک جاتا تو تازہ دَم گروپ اُس کی جگہ لے لیتا۔ بلاول زرداری نے میاں شہباز شریف سے احتجاج ختم کرنے کی درخواست بھی کی لیکن میاں صاحب نے صاف انکار کر دیا۔ پھر تحریکِ انصاف کے شاہ محمود قریشی، پرویز خٹک اور شیریں مزاری کی درخواست کو بھی میاں صاحب نے دَرخورِ اعتنا نہ سمجھا۔ چارونا چار کارروائی پندرہ منٹ کے لیے ملتوی کر دی گئی لیکن جب عمران خاں نے خطاب شروع کیا تو ایک دفعہ پھر نون لیگ کے ارکان جعلی وزیرِاعظم، کٹھ پُتلی وزیرِاعظم کے نعرے لگاتے رہے اور ایوان مچھلی بازار بنا رہا۔ اب قوم خود ہی اندازہ کر لے کہ جس ایوان کی ابتداء یہ ہے، انتہا کیا ہوگی۔
ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔
تازہ ترین کالمز :
پروفیسر رفعت مظہر کے کالمز
-
پنچھی پَر پھڑپھڑانے لگے
منگل 15 فروری 2022
-
جھوٹ کی آڑھت سجانے والے
منگل 8 فروری 2022
-
اُنہوں نے فرمایا ۔۔۔۔ ۔
پیر 31 جنوری 2022
-
صدارتی نظام کا ڈھنڈورا
پیر 24 جنوری 2022
-
کورونا کی تباہ کاریاں
منگل 4 جنوری 2022
-
جیسی کرنی، ویسی بھرنی
منگل 28 دسمبر 2021
-
قصّہٴ درد سناتے ہیں کہ مجبور ہیں ہم
منگل 21 دسمبر 2021
-
ہم جس میں بَس رہے ہیں
پیر 13 دسمبر 2021
پروفیسر رفعت مظہر کے مزید کالمز
کالم نگار
مزید عنوان
UrduPoint Network is the largest independent digital media house from Pakistan, catering the needs of its users since year 1997. We provide breaking news, Pakistani news, International news, Business news, Sports news, Urdu news and Live Urdu News
© 1997-2024, UrduPoint Network
All rights of the publication are reserved by UrduPoint.com. Reproduction without proper consent is not allowed.