حکومت کا قومی اسمبلی میں تحفظ حقوق نسواں بل پیش نہ کرنا ایم ایم اے کے اصولی اسلامی موقف کی تائید ہے ‘ جماعت اسلامی،پوپ کے اسلام اور نبی کیخلاف ہرزہ سرائی پر جمعہ کو یوم احتجاج منایا جائیگا ‘ وقاص جعفری‘ چوہدری اصغر علی گجر ‘ احسان اللہ وقاص و دیگر کا مشترکہ بیان

منگل 19 ستمبر 2006 18:16

لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین19 ستمبر2006 ) جماعت اسلامی پنجاب نے کہا ہے کہ حکومت کا قومی اسمبلی میں تحفظ حقوق نسواں بل پیش نہ کرنا متحدہ مجلس عمل کے اصولی اسلامی موقف کی تائید ہے ۔ پاکستان کے اسلامی تشخص کو مٹانے والے سیکولر عناصر کی ہر سازش کو ناکام بنا دیا جائے گا ۔ ان خیالات کا اظہار ایم ایم اے پنجاب کے سیکرٹری جنرل سید وقاص جعفری نے اپنے بیان میں کیا ۔

انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر مادر پدر آزاد افراد کی ذاتی خواہشات کو معاشرتی اقدار کے بھینٹ نہیں چڑھنے دیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اہم مسائل کو نظر انداز کر کے اس متنازعہ بل کا شوشہ چھوڑا موجودہ حکمرانوں نے ملک کو ناکامیوں اور رسوائی کے سوا کچھ نہیں دیا عوام غربت ‘مہنگائی ‘بے روزگاری ‘ظلم و نا انصافی ‘ قربا پروری ‘ وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم اور دیگر مسائل کی چکی میں پس رہے ہیں لیکن حکمرانوں کو عوام کے مسائل سے کوئی غرض نہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومتی وزراء کے خلاف انکے اپنے ارکان اسمبلی کرپشن کے ثبوت پیش کر رہے ہیں اسکے باوجود حکومت سب اچھا کی رپورٹ پیش کر رہی ہے ۔ دریں اثناء متحدہ مجلس عمل پنجاب کے اراکین اسمبلی چوہدری اصغر علی گجر ‘ سید احسان اللہ وقاص ‘ ڈاکر سید وسیم اختر ‘ ارشد بگو ‘ چوہدری شوکت علی اور محمد وقاص نے مشترکہ طور پر کہا کہ پوپ بینی ڈکٹ کی پہلے اسلام کے بارے میں ہرزہ سرائی اور پھر معافی کے بیان سے مسلمانوں کا غم و غصہ بر قرار ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ جمعتہ المبار ک کو پوپ کے اسلام اور نبی کے خلاف بیان پر یوم احتجاج منایا جائیگا ۔