عالمی برادری مسئلہ فلسطین کے حل کیلئے مربوط اور جامع کوششیں کرے ،کوفی عنان،جب تک اسرائیل فلسطین پر قابض رہے گا مذہبی منافرت کو ہوا ملتی رہے گی،اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کا جنرل اسمبلی سے الوداعی خطاب

منگل 19 ستمبر 2006 21:54

نیو یارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کوفی عنان نے کہا ہے کہ عالمی برادری فلسطین کے مسئلہ کے حل کے لئے مربوط اور جامع کوششیں کرے ۔ اسرائیل فلسطین تنازعہ دنیا کو درپیش سب سے بڑا چیلنج ہے وہ منگل کو یہاں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 61ویں اجلاس سے الوداعی خطاب کر رہے تھے۔ سیکرٹری جنرل نے کہا کہ جب تک اسرائیل فلسطین پر قابض رہے گا دنیا میں مذہبی منافرت کو ہوا ملتی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ خواتین کے حقوق پامال ہوتے ہیں ۔ افریقہ کو عالمگیریت سے کوئی فائدہ نہیں ہوا ہے ،انہوں نے کہا کہ اس دوران ایشیاء میں ترقی ہوئی ہے لیکن افریقہ سمیت دنیا کے بیشتر حصوں کو ترقی کے ثمرات نہیں پہنچ سکے ہیں اور 2015ء تک ترقی کے ثمرات پوری دنیا تک پہنچانا ہمارا ہدف ہے اور اس میں کلیدی کردار گڈ گورننس کا ہو گا۔

(جاری ہے)

کوفی عنان نے مزید کہا کہ اس دوران سب سے اہم سوال یہ اٹھا ہے کہ کیا ہم محفوظ ہیں انہوں نے کہا کہ تہذیبوں سے تصادم کے سلسلے پر بات چیت ہو رہی ہے کچھ لوگ بڑی سطح پر مذہبی جنگ چاہتے ہیں اس سلسلے میں دنیا بھر میں بیان بازی دیکھنے میں آ رہی ہے انہوں نے کہا کہ جب تک فلسطین پر اسرائیل کا قبضہ رہے گا اور اسرائیل اپنے قبضے کو برقرار رکھے گا اس وقت تک دنیا بھر میں مذہبی منافرت کو ہوا ملتی رہے گی۔

کوفی عنان نے کہا کہ جب تک سلامتی کونسل اس مسئلے کوحل نہیں کرائے گی اقوام متحدہ کی اہمیت میں کمی ہوتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ عراق اور افغانستان میں جبج تک موجودہ صورت حال برقرار رہے گی دنیا بھر میں بے چینی رہے گی انہوں نے مزید کہا کہ انسانیت کو تیسرا سب سے بڑا خطرہ قانون کی حکمرانی نہ ہونا ہے اور اس سلسلے میں بہت کچھ ہوا ہے۔