رواں ہفتے کے آخر تک لبنان سے اسرائیلی دستوں کا انخلاء مکمل ہو جائے گا،سربراہ اسرائیلی فوج

منگل 19 ستمبر 2006 21:56

یروشلم (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) اسرائیلی فوج کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ڈان ہاؤئز نے کہا ہے کہ رواں ہفتے کے آخر تک لبنان سے اسرائیلی دستوں کا انخلاء مکمل ہو جائے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کے روز پارلیمانی دفاعی کمیٹی کے ارکان کے ساتھ ایک اجلاس کے دوران بتائی۔ انہوں نے کہا کہ 14 اگست کو جنگ بندی کے بعد سے بتدریج فوجوں کا انخلاء جاری تھا تاہم مکمل انخلاء کے لئے ہمیں لبنانی سرحد کی نگرانی کے لئے بین الاقوامی امن فوج اور لبنانی فوج کی تعیناتی کا انتظار تھا جو کہ ابھی کافی حد تک مکمل ہو گئی ہے اور یہ اس قابل ہو گئی ہے کہ حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان ایک بفرزون قائم کر سکے۔

لہٰذا ہماری ترجیح ہے کہ ہم جمعہ کے روز تک جنوبی لبنان میں موجود باقی ماندہ دستوں کو بھی واپس بلا کر انخلاء کا عمل مکمل کر لیں کیونکہ جمعہ کے روز سے یہودیوں کا نیا سال بھی شروع ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

پارلیمانی دفاع کمیٹی کے رکن ران کوہین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ابھی تک ہزاروں اسرائیلی فوجی لبنان میں موجود ہیں جنہوں نے حزب اللہ اور اسرائیل کے درمیان پوزیشن سنبھال کر بفرزون قائم کیا ہے تاہم ابھی بین الاقوامی امن فوج یہ ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے۔ واضح رہے کہ اسرائیلی فوج نے لبنان میں دریائے لیطانی تک سرحد سے تقریباً 18 کلو میٹر شمال تک بفرزون قائم کیا ہوا ہے۔

متعلقہ عنوان :