فوجی بغاوت کے خدشے کے بعد تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ،آرمی چیف کو برطرف کرکے وزیراعظم سیکرٹریٹ رپورٹ کرنے کا حکم دیدیاگیا،ٹینک اور بکتر بندگاڑیوں نے دارالحکومت کا محاصرہ کرلیا ، ٹی وی اور ریڈیو نشریات منقطع

منگل 19 ستمبر 2006 22:23

فوجی بغاوت کے خدشے کے بعد تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے ملک میں ایمرجنسی ..
بنکاک(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔19ستمبر۔2006ء) تھائی لینڈ کے قائمقام وزیراعظم تھاکسن شینا وائرہ نے آرمی چیف کو برطرف کرکے ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے منگل کی رات سرکاری ٹی وی چینل 9پر نیویارک سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے فوج کے چیف کمانڈر جنرل سوندھی بنیاگلارین کو وزیراعظم ہاؤس میں فوری طور پر نائب وزیراعظم کے سامنے رپورٹ کرنے کاحکم دیدیا ، تھاکسن نے ایمرجنسی کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ ایسا سنگین صورتحال کے بعد کیا گیا ہے وزیراظم نے ان افواہوں کے بعد ایمرجنسی کا اعلان کیا کہ جنرل سوندھی حکومت کا تختہ الٹنے کی سازش کررہے ہیں اس دوران دارالحکومت میں جگہ جگہ ٹینک اور فوج کی بکتر بند گاڑیاں پہنچ گئیں فوج بیروکو ں سے باہر آ گئی ہے فوج نے جگہ جگہ رکاوٹیں کھڑی کرکے بنکاک کا محاصرہ کرلیا ہے فوج کے قبضے والے چینل 5 نے نشریات روک دی ہیں ۔