جموں کشمیر کے عوام صدر مشرف کے کشمیر ویژن کی حمایت کرتے ہیں،وزیراعظم آزاد کشمیر سر دار عتیق

بدھ 20 ستمبر 2006 18:45

نیویارک (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20ستمبر۔2006ء) وزیر اعظم آزاد کشمیر سر دار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ ریاست جموں و کشمیر کے عوام صدر جنرل پرویز مشرف کے کشمیر ویژن کی حمایت کرتے ہیں مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے لئے بین الاقوامی حمایت میں اضافہ ہورہا ہے،تعمیر نواورمتاثرین منگلہ ڈیم کے حقوق کا تحفظ مسلم کانفرنس کی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں حکومت نے دوماہ کے دور ان ہی بجلی پیدا کر نے اور معیشت کی ترقی کے حوالے سے ایسے بنیادی اقدامات اٹھائے ہیں جو آزاد ریاست کی ترقی کے لئے ریڑھ کی ہڈی ثابت ہو نگے وزیر اعظم سر دار عتیق احمد خان نے امریکہ کے مختلف علاقوں سے آئے ہوئے عوامی وفود سے بات چیت میں کہاکہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں صدر مشرف نے واضح کیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا حل دونوں ملکوں کے مفاد میں ہے اور اس مسئلے کا حل جنوبی ایشیاء میں پائیدار امن کے لئے ضروری ہے انہوں نے کہاکہ بیرون ملک مقیم کشمیری آزاد کشمیر کے زلزلے سے متاثرہ علاقوں میں تعمیر نو کے عمل میں سرمایہ کاری اور افراد قوت مہیا کرتے ہوئے یقین دلایا کہ زلزلے کی تباہ کاریوں پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ تعمیر نو کے عمل پر تیزی سے عمل کرتے ہوئے ہر شعبے میں ایسی بنیادی اصلاحات لائی جارہی ہیں جن سے آزاد کشمیر میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگاانہوں نے کہاکہ عوام کو درپیش مسائل اور مشکلات کو کم سے کم کر نے کے اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں وزیر اعظم آزاد کشمیر نے نیو یارک میں مسلم کانفرنس کے کارکنوں کے ایک اجتماع سے خطاب میں کہاکہ مسلم کانفرنس وہ واحد سیاسی جماعت ہے جس کی دنیا اکثر ممالک میں تنظمیں قائم ہیں امریکہ میں مقیم کشمیری قومی مفاد اور کشمیر کاز کے حوالے سے سر گرم ہیں اور اس حوالے سے بھی مسلم کانفرنس کے کارکنوں کا کر دار نمایاں ہے انہوں نے اوور سیز کشمیریوں کو تلقین کی کہ وہ اپنے ریاستی ملکوں کی سیاست میں سرگرمی میں حصہ لیں نواب پیلس ہوٹل میں وزیر اعظم سر دار عتیق احمد خان سے ملاقات کے لئے آنے والوں کی کثیر تعداد کے پیش نظر انتظامیہ نے ہوٹل میں خصوصی انتظامات کئے ہیں امریکہ آمد کے دوسرے دن بھی مختلف وفود نے وزیر اعظم سر دار عتیق خان کو انتخابات میں مسلم کانفرنس کی شاندار کامیابی اور مضبوط حکومت کے قیام پر مبارکباد پیش کی وزیر اعظم آزاد کشمیر نے ملاقات کے لئے آنے والے وفود کو یقین دلایا کہ حکومت اوورسیز کشمیریوں کے مسائل و مشکلات سے آگاہ ہے اور اس حوالے سے جلد ہی اقدامات کئے جائیں گے انہوں نے کہاکہ اوورسیز کشمیریوں کو آزاد کشمیر اسمبلی میں سوسٹل بیلٹ کی سہولت فراہم کر نے کے سلسلہ میں کارروائی جاری ہے ۔