کشمیر سے بھارت اور پاکستانی افواج کے مکمل انخلاء سے ہی خطے میں امن قائم ہوسکتا ہے‘ لبریشن فرنٹ

جمعرات 21 ستمبر 2006 12:50

کوٹلی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین21 ستمبر2006 ) جموں کشمیر لبریشن فرنٹ نے کہا ہے کہ کشمیر سے بھارت اور پاکستان کی افواج کے مکمل انخلاء سے ہی خطے میں امن قائم ہوسکتا ہے کشمیریوں کی تحریک آزادی عالمی ریکارڈ میں سب سے پرانی تحریک ہے جو مسلمہ عالمی اصولوں کے مطابق جاری ہے اور اس تاریخی تحریک پر دہشت گردی کا لیبل چڑھانا سورج کو انگلی کے پیچھے چھپانے کی احمقانہ کوشش ہے ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے وائس چیئرمین حافظ انور سماوی‘ سابق چیف آرگنائزر راجہ حق نواز خان اور سنٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ممبر ملک اسلم نے مشرف من موہن ملاقات کے حوالے سے اخبارات میں چھپنے والی خبروں پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ طاقت کے نشے میں کشمیر پر غاصبانہ قبضے کی دائمی کوششیں محض وقت کا ضیاع ثابت ہوں گی اور شہیدوں کے مزاروں اور آزادی کے پرستاروں کی دھرتی پر جابرانہ قبضہ کبھی دوام حاصل نہیں کرسکتا لبریشن فرنٹ کے رہنماؤں نے کہا کہ کشمیر کی خودمختاری برصغیر کے دائمی امن کی ضامن ہے ورنہ الحاق و اٹوٹ انگ کے غیر حقیقی خودغرضانہ اور اقتدار پرستانہ نظریات جنوبی ایشیاء میں ایٹمی جنگ کا بگل بجا کر کسی بھی وقت تاریخ کی بدترین تباہی اور غارت گری برپا کردیں گے لبریشن فرنٹ نے خبر دار کیا ہے کہ کشمیر کی تقسیم کسی بھی صورت میں کشمیری عوام کو گوارہ نہیں اور لبریشن فرنٹ جبری طور پر منقسم ریاست کے سٹیٹس کو کو بحال رکھنے کے تمام اقدامات کی مخالفت کرے گا اور ریاست سے دونوں ممالک کی افواج کو نکالنے اور جنوبی ایشیاء کو ایٹمی جنگ سے بچانے کی تمام معروف محاذوں پر جدوجہد جاری رکھے گا۔

متعلقہ عنوان :