حکمران قوم کو اندھیرے میں رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں‘قاضی حسین احمد

جمعہ 22 ستمبر 2006 11:52

جھنگ (اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) متحدہ مجلس عمل کے سربراہ اور امیر جماعت اسلامی قاضی حسین احمد نے کہا ہے کہ صدر مشرف اور من موہن سنگھ کے درمیان ہوانا میں ہونیو الی ملاقات کی تفصیلات سے قوم کو آگاہ کیا جائے تاکہ قوم ان رہنماؤں کی ملاقات کے درمیان جو بیچ کا راستہ بتایا گیا ہے اس سے آگاہ ہو سکے وہ جھنگ میں جامعہ معارف اسلامیہ میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرر ہے تھے انہوں نے کہاکہ حکمران قوم کو اندھیرے میں رکھ کر فیصلے کر رہے ہیں انہوں نے کہاکہ صرف ایک شخص ملک کے تمام فیصلے اپنی مرضی سے کر رہا ہے انہوں نے کہاکہ امریکہ ہمارا اسلامی تشخص تہذیب و ثقافت بدل دینا چاہتا ہے اس لیے وہ سیکولر اور لادینی تعلیم پاکستان میں رائج کرنا چاہتے ہیں اسی لیے وہ توہین رسالت اور حدود کے قوانین تبدیل کرانے میں مصروف عمل ہیں مگر ہم ایسا نہیں ہونے دیں گے قبل ازیں ڈسٹرکٹ بار روم میں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے قاضی حسین احمد نے کہاکہ حقوق خواتین بل کا مسودہ امریکی صدر بش کے پاس لیکر جانا اور گورنر سرحد کو نیویارک طلب کر کے قبائلی عوام کے ساتھ معاہدہ کی تفصیلات جاننا پاکستان کے داخلی معاملات میں کھلی مداخلت ہے انہوں نے کہاکہ متحدہ مجلس عمل یک نکاتی ایجنڈے پر متفق ہے اصل مسئلہ فوجی آمریت ہے اور وہ ختم ہونا چاہئے انہوں نے کہاکہ وقت آنے پر ہم استعفے دیدیں گے-