حکومت آزاد کشمیر متاثرین کو چھتوں کی فراہمی میں ناکام رہی ‘ چوہدری یاسین

جمعہ 22 ستمبر 2006 13:43

مظفر آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین22 ستمبر2006 ) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر مواصلات و تعمیرات عامہ چوہدر محمد یاسین نے کہا ہے کہ حکومت کی نااہلی اور غلط پالیسیوں کی بدولت متاثرین زلزلہ سے تاحال تعمیرات شروع نہیں کرسکے اور ایک بار پھر بارشوں اور برفباری کے باعث متاثرہ علاقوں میں شدید سردی کا موسم شروع ہوجائیگا جس میں متاثرین ایک بار پھر کھلے آسمان تلے سرد ٹھٹھرتے موسم میں ایک نئی مصیبت سے دو چار ہوجائیں گے انہوں نے کہا کہ اگر حکومت متاثرین کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہوتی تو موسم گرما میں مکانوں کی تعمیرات کا سلسلہ شروع ہوجاتا اور اس وقت تک تعمیر نو کا مرحلہ تکمیل کے قریب ہوتا مگر بہترین وقت حکومت نے محض طفل تسلیوں میں ضائع کردیا انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل صرف حقیقی منتخب حکومت ہی حل کرسکتی ہے مسلط کردہ نااہل لوگوں کو عوامی مسائل سے کوئی سرو کار ہوتا ہے نہ ہی موثر پالیسیاں مرتب کرنے کا شعور انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہر دور میں عوام کے مسائل کو ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کی ہے اور حالیہ زلزلہ سے لیکر اس وقت تک مثاثرین کے مسائل کے حل کیلئے پیپلز پارٹی کا کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں اور آئندہ بھی پیپلز پارٹی اپنی روایات برقرار رکھتے ہوئے دکھی اور سسکتی بلکتی انسانیت کے دکھوں کا مداوہ کرنے کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتی رہے گی ۔

متعلقہ عنوان :