ماحولیات کے متعلق مقبوضہ کشمیر میں فلمی میلہ‘ بھارتی فوج خوبصورت ماحول کیلئے سب سے بڑا خطرہ ہیں‘ ایکشن ایڈ

ہفتہ 23 ستمبر 2006 12:55

سری نگر(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین23 ستمبر2006 ) مقبوضہ کشمیر میں شیر کشمیر انٹرنیشنل کنونشن سینٹر میں گزشتہ روز ایک ماحولیاتی فلم فیسٹول کا افتتاح کیا گیا جس میں ریاستی اور غیر ریاستی فلم سازوں کی تقریباً دو درجن تخلیقات کی نمائش کی گئی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں پہلی بار ہور ہے اس فلمی میلے کی افتتاحی تقریب میں مقررین نے کشمیر کے پہاڑوں اور جنگلات میں موجود ’لاکھوں‘ انڈین افواج کو یہاں کے خوبصورت اور دلفریب ماحول کے لیئے سب سے بڑا خطرہ قرار دیا ہے۔

عالمی تنظیم ایکشن ایڈ کی ریاستی شاخ کے سربراہ ارجمند حسین طالب نے اس موقع پر کہا کہ کشمیر کے سرسبز جنگلات اور برف پوش پہاڑوں پر انڈین افواج کا غلبہ ماحولیات کے لیئے بڑا خطرہ ہے۔ان کا کہنا تھا کہ’پانی اور زمین محض ماحولیاتی عناصر نہیں بلکی ہماری معیشت کا بنیادی اثاثہ بھی ہیں لیکن کشمیر میں یہ قیمتی اثاثہ جنگلات اور پہاڑیوں پر لاکھوں انڈین افواج کی موجودگی سے تباہ ہو رہا ہے اور اس سے وائلڈ لائف بھی حد درجہ متاثر ہو رہی ہے۔

(جاری ہے)

‘فیسٹول کا اہتمام نئی دلّی کے سینٹر فار میڈیا سٹڈیز (سی ایم ایس) نے کشمیر یونیورسٹی اور بعض این جی اوز کے تعاون سے کیا تھا۔ سی ایم ایس کی ڈائریکٹر سْنیتا وسنتی نے اپنے صدارتی خطبے میں کہا کہ ان کی انجمن ماحولیاتی تحفظ کو یقینی بنانے کے لیئے ملک گیر تحریک چلانے کا ارادہ رکھتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ’وجہ چاہے کچھ بھی ہو، ماحول اور جنگلی جانوروں کا تحفظ انسانیت کی بقا کے لیئے ضروری ہے اور ہم کو کشمیر سے اس بارے میں بہت زیادہ تعاون مل رہا ہے۔